اسلام آباد (سب نیوز )وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چین نے توانائی کے شعبے کے قرضوں کی ری پروفائلنگ کی درخواست پر حوصلہ افزا جواب دیا ہے۔عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر بلومبرگ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ پاکستان نے کہا کہ ہم نے ابھی بات شروع کی ہے اور جواب حوصلہ افزا ہے، مذاکرات کے لحاظ سے ابھی ابتدائی ایام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بہت سے پروگرام ہیں، اتار، چڑھا کے مراحل ہیں، ہمارے پاس ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو جاری رکھنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت ممکنہ طور پر ملک کے لیے مزید مالیاتی گنجائش پیدا کرسکتی ہے کیونکہ پاکستان پاور پلانٹس کی تعمیر اور بجلی کی قیمتوں کمی کی گنجائش پیدا کرنے کے لیے قرض کی ادائیگی میں توسیع کا خواہاں ہے۔جولائی میں یہ اطلاع ملی تھی کہ وزیر خزانہ آئی ایم ایف کی مجوزہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ساتھ ساتھ توانائی شعبے کے قرضوں کی ری پروفائلنگ پر چینی حکام سے بات چیت کر رہے ہیں۔