Saturday, July 27, 2024
ہومتازہ ترینبھٹو کیس کی سماعت براہ راست دکھانے کی تیاری، جج فیصلہ کرینگے

بھٹو کیس کی سماعت براہ راست دکھانے کی تیاری، جج فیصلہ کرینگے

اسلام آباد:سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کی براہ راست نشریات دکھانے سے متعلق جج فیصلہ کریں گے۔ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کی براہ راست نشریات کے حوالے سے دو رکنی کمیٹی پیر کو رپورٹ پیش کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل کمیٹی سفارشات فل کورٹ کے سامنے رکھے گی۔

اس حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ نشریات براہ راست دکھائی جائیں یا ریکاڈنگ جاری کی جائیں، اس حوالے سے کمیٹی نے رپورٹ مرتب کرلی ہے۔ سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقارعلی بھٹو قتل کیس میں صدارتی ریفرنس سماعت کے لیے مقرر کرلیا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 9 رکنی لارجر بینچ 12 دسمبر کو ذوالفقار علی بھٹو قتل کیس کی سماعت کرے گا۔

رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے جاری روسٹر کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحیی آفریدی ، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔