Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانسینیٹ انتخابات خفیہ ہی ہوں گے، سپریم کورٹ نے رائے دیدی

سینیٹ انتخابات خفیہ ہی ہوں گے، سپریم کورٹ نے رائے دیدی

اسلام آباد ،سپریم کورٹ نے سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی ریفرنس پر رائے دیدی ۔الیکشن کمیشن آئین اورقانون کے تحت سینیٹ انتخابات کرانے کامجازہے ۔ شفاف اورغیرجانبدارانہ انتخابات کرانے کی ذمہ دار ی الیکشن کمیشن کی ہے۔ عدالت عظمی کے چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کے لیے صدارتی ریفرنس کے ذریعے مانگی گئی رائے پر اپنی رائے دی۔اس 5 رکنی بینچ میں چیف جسٹس گلزار احمد کے ساتھ ساتھ جسٹس مشیر عالم، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس یحیی آفریدی بھی شامل تھے۔ سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے 4 ایک کی اکثریت سے رائے دی اور چیف جسٹس نے رائے پڑھ کر سنائی اور بتایا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس رائے سے اختلاف کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سینیٹ انتخابات آئین کے تحت ہوتے ہیں اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ صاف وشفاف انتخابات کرائے۔واضح رہے کہ 25 فروری کو سپریم کورٹ نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر رائے محفوظ کی تھی۔یہاں یہ واضح رہے کہ ایوان بالا یعنی سینیٹ کے انتخابات 3 مارچ کو ہونے ہیں اور ان انتخابات کو اوپن بیلٹ سے کرانے کے لیے صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت سپریم کورٹ سے رائے مانگی تھی۔بعد ازاں عدالت عظمی کی سامنے آنے والی کاز لسٹ سے معلوم ہوا تھا کہ آج اس معاملے پر رائے دی جائے گی اور اس سلسلے میں اٹارنی جنرل پاکستان، چیف الیکشن کمشنر، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے. مزید یہ کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز، چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز، اراکین الیکشن کمیشن اور دیگر کو بھی نوٹس جاری ہوئے تھے۔یاد رہے کہ صدر کی جانب سے عدالت عظمی کو بھیجے گئے ریفرنس پر پہلی سماعت 4 جنوری 2021 کو ہوئی تھی، جس کے بعد فروری سے اس پر روزانہ کی بنیاد پر سماعتیں ہوئی تھیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔