اسلام آباد(خبر نگار خصوصی )وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امور سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں وزیراعظم پاکستان کا ویژن کامیاب ہو رہا ہے اپوزیشن جماعتیں میٹھا میٹھا ہپ اور کڑوا کڑوا تھو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے علاقے بحریہ انکلیو میں ایک نجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا- اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری اور پاکستان تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی موجود تھے- معاونِ خصوصی وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے ثمرات مل رہے ہیں اور پاکستان کی برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جس طرح کورونا کی آفت کے دوران سمارٹ لاک ڈان کی پالیسی اختیار کی اس کی آج دنیا معترف ہو رہی ہے بلاول بھٹو زرداری جو بھارت کی مثالیں دیتے تھے آج اس بھارت کی معیشت زوال کا شکار ہے اور پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے – علی نواز اعوان نے کہا کہ ہماری اپوزیشن میٹھا میٹھا ہپ اور کڑوا کڑوا تھو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جہاں ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل ہوئی وہاں شفاف جہاں سے ہار گئے وہاں دھاندلی کا شور مچاتے ہیں انہوں نے کہا کہ مریم نواز جتنا بھی شور مچا لیں عوام ان کو سمجھ چکی ہے نانی اماں کا فارمولا اب نہیں چلے گا- وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ ہم اسلام آباد کو بدلنے کا تہیہ کر چکے ہیں اور اسلام آباد کے گلی محلوں میں شہر اور گائوں کی تفریق کیے بغیر ترقیاتی کاموں پر کام جاری ہے – اسلام آباد ایکسپریس وے پر کورنگ پل وسیع کرنے پر کام جاری ہے پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس کا کام شروع ہو چکا ہے – علی نواز اعوان نے کہا کہ اسلام آباد کی تمام یونین کونسلوں میں کام جاری ہے اسلام آباد کے لیے رینٹ کنٹرول کا قانون بن چکا وفاقی دارالحکومت کی پہلی فوڈ اتھارٹی کے لیے قانون سازی آخری مراحل میں ہے – شہر میں پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے اس کے حل کے لیے بھی کام آخری مراحل میں ہے اور دریائے سندھ سے اسلام آباد پانی لانے کے لیے ہم ترقیاتی کام بہت جلد شروع کر ر ہے ہیں- اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ آپ اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں کو دیکھ کر اندازہ لگا سکتے ہیں کہ کس طرح پاکستان بدل رہا ہے انہوں نے کہا کہ جس طرح وزیراعظم پاکستان نے سری لنکا میں مسلمانوں کی لاشیں جلانے کی بجائے دفن کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے ایسے ہی وہ پاکستان کے شہریوں کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔
اسلام آباد کو بدلنے کا تہیہ کر چکے، بلا تفریق ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے،علی نواز اعوان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔