Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانمولانا فضل الرحمان کی سیاست خلا میں لٹ رہی ہے، شیخ رشید

مولانا فضل الرحمان کی سیاست خلا میں لٹ رہی ہے، شیخ رشید

اسلام آباد،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن عمران خان کے لیے بہتری کے راستے بناتی ہے اور مریم نواز کی نیب پیشی پر ن لیگ حکومت کو نہیں بلکہ پی پی کو طاقت کا مظاہرہ دکھانا چاہتی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر ہم نے پنجاب حکومت کی درخواست پر رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، یہ صوبائی مسئلہ ہے، اسلام آباد آتے تو ہمارا مسئلہ ہوتا، ن لیگ اپنے ہی گھر اور اکھاڑے میں پاور شو اور دنگل کرنے جارہی ہے، گزشتہ پیشی پر میڈیا نے ان کی گاڑیوں میں پتھروں کے ڈھیر دکھائے، یہ عمران خان کو نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کو شو آف پاور دکھانا چاہتے ہیں، اپوزیشن عمران خان کے لیے بہتری کے راستے بناتی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز نے خود تو حفاظتی ضمانت کروالی اور کارکنوں کو کہہ رہی ہیں کہ آگے آئیں، حالانکہ اصلی سیاست دان تو عوام کی ڈھال ہوتا ہے، عوام کو ڈھال نہیں بناتا، کسی نے شرارت نہیں کی تو قانون حرکت میں نہیں آئے گا، یہ مجھ سمیت تمام عوام کو بیوقوف بناکر باہر گئے۔شیخ رشید نے کہا کہ لاہور کا خاندان سلیکٹڈ ہے یا پیپلزپارٹی کا، ایک دوسرے پرسب کیس ان لوگوں نے خود بنائے ہیں،عمران خان نے تو صرف تڑکا لگایا اور ایک آدھ کیس بنایا ہے، حکومتیں آتی ہیں اور جاتی ہیں جب تک بندہ مرتا نہیں کیس ختم نہیں ہوتا۔شیخ رشید نے کہا کہ سینیٹ چیئرمین( ن) کا ہوگا یا پیپلزپارٹی سے مولانا فضل الرحمن کی حالت پر ترس آتاہے، ان کی سیاست خلا میں لٹ رہی ہے، پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہوچکی ہے، 11 پارٹیوں کے کوئی نام بتادے، 500 روپے انعام دوں گا، یہ ڈھائی پارٹیاں ہیں، ایک ایک ن لیگ اور پی پی کی جبکہ جے یو آئی کی آدھی پارٹی ہے۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ لاہور والوں کو بتارہا ہوں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، لاہور میں 12 سے 14 فیصد کورونا ہو چکاہے، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی میں ریڈ الرٹ ہے ، میں کسی کو ڈرا نہیں رہا ہوں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔