Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانمریم نواز کو باہر جانے کی اجازت نہیں دیں گے، شیخ رشید

مریم نواز کو باہر جانے کی اجازت نہیں دیں گے، شیخ رشید

اسلام آباد، وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ مریم کو باہر جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، پی ڈی ایم ٹھس اور ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی ہے، اپوزیشن اب خود ہی ایک دوسرے کو نوٹس دے رہی ہے، انہوں نے ضمنی الیکشن اور سینیٹ دونوں میں حصہ لیا، نہ آر ہوا نہ پار ان کا کام تمام ہوا، پی ڈی ایم کواب لانگ مارچ کیلئے6ماہ تیاری کرناہوگی۔وزیرداخلہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن)لیگ اپنی سیاسی حکمت عملی میں تبدیلی لارہے ہیں، ان دونوں کے اختلافات کا سارا فائدہ عمران خان کو ہوگا، آصف زرداری نے پی ڈی ایم کو کھیلایا ہے، آصف زرداری نے پیپلزپارٹی کے ساتھ وہ کام کیا جو کام ضیا الحق نہیں کرسکے تھے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مریم نوازکی ای سی ایل سے نام نکالنے کے لئے کوئی درخواست نہیں آئی، انہوں نے خود کہہ دیا ہے کہ طشتری میں بھی اجازت نامہ ملے تو میں بیرون ملک نہیں جائوں گی، ان کی بات ماننی چاہیے جو کہہ رہی ہیں، وزیراعظم نے بھی کہا ہے کہ مریم کو باہر جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ میں کشمیر کو شاہ رگ سے قریب سمجھتا ہوں، سورج مغرب سے نکل سکتا ہے لیکن جب تک بھارت 370 واپس نہیں لیتا اس کے ساتھ تجارت نہیں ہوسکتی، مسئلہ کشمیر پاکستان کی سیاست کا محور ہے، اگر مسئلہ کشمیر پر مذاکرات نہیں ہوتے تو بھارت سے بات نہیں ہوسکتی، کوئی رابطہ نہیں ہوسکتا۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے بہتراندازمیں کوروناکی دولہروں کامقابلہ کیا، اس وقت کورونا کی تیسری لہر نے ملک کو لپیٹ میں لے لیا ہے،اور کیسز میں اسلام آباد سب سے آگے ہے، عوام سے درخواست ہے کہ ماسک کا استعمال کریں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ اس وقت اہم ایشومہنگائی ہے، وزیراعظم نے کہاہے کہ رمضان میں بنیادی اشیاکی قیمتوں کوخودمانیٹرکریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔