Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانبیک ڈور رابطے،پنجاب سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب

بیک ڈور رابطے،پنجاب سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب

لاہور،سینیٹ الیکشن میں پنجاب کی تمام 11 نشستوں کے نتائج آگئے ہیں، اور تمام 11 امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں، سینیٹرزکی کامیابی کانوٹیفکیشن 3 مارچ کے بعد جاری کیاجائیگا۔الیکشن کمیشن پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے سے ٹیکنوکریٹ اور جنرل نشستوں پر تمام جماعتوں کے امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن پنجاب ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم نذیر تارڑ، سید علی ظفر، ڈاکٹر زرقا، سعدیہ عباسی، ساجد میر، عرفان الحق صدیقی، اعجاز چودھری، عون عباس اور کامل علی آغا بھی کامیاب ہو گئے ہیں۔ذرائع الیکشن کمیشن پنجاب کا کہنا ہے کہ سیف اللہ سرور نیازی بھی پنجاب سے بلامقابلہ سینیٹر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ عظیم الحق منہاس اور سیف الملکوک کھوکھر نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔مشاہد اللہ خان مرحوم کے صاحبزادے افنان اللہ خان بھی سینیٹر منتخب ہو گئے ہیں۔ سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کل جاری ہونے کا امکان ہے۔پنجاب سے سینیٹ امیدواروں کا بلامقابلہ انتخاب کیسے ممکن ہوا ، اس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے ۔ذرائع کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے اس سلسلے میں مبینہ طور پر مرکزی کردار اداکیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہی نے عطا تارڑ کے ذریعے مسلم لیگ ن کی قیادت سے رابطہ کیا اور پرویز الہی نے سابق صدر آصف علی زرداری سے بھی فون پر رابطہ کیا۔پرویز الہی کے رابطے کے بعد پیپلزپارٹی نے پنجاب سے اپنا امیدوار واپس لیا اور پرویز الہی کے رابطہ کرنے پر ہی ن لیگی قیادت نے اپنے زائد امیدواروں کے کاغذات واپس لیے ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اسپیکرپنجاب اسمبلی کی کاوشوں سے ہی پنجاب میں عددی تعداد کے مطابق امیدوارکامیاب ہوئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔