12

کھیلوں سے صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے،قاسم سوری

کوئٹہ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا ہے کہ کھیل زندگی کا ایک اہم حصہ ہیں کھیلوں کے انعقاد سے صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے کھیل، ورزش نوجوانوں کو ذہنی اور جسمانی تندرست رکھ کر برائی کے کاموں سے دور رکھتے ہیں اور کھیل اچھی صحت کا راز بھی ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایوب سٹیڈیم میں منعقد شطرنج چمپیئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پورے ملک سے شطرنج کے کھلاڑی کوئٹہ تشریف لائے ہیں شطرنج ایک ایسا کھیل ہے جو دماغ کو سکون دیتا ہے اور دماغ کو زیادہ قوت بخشتا ہے شطرنج کے ٹورنامنٹ نہایت کم پیسوں پر منعقد کیے جا سکتے ہیں اس کے لئے زیادہ انفراسٹرکچر کی ضرورت بھی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ کوئٹہ اور یہاں کے لوگ محبت کرنے والے لوگ ہیں میری خواہش ہے کہ بین الاقوامی کھلاڑی بھی یہاں آئیں اور ہمارے ساتھ کھیلیں۔ بلوچستان سمیت پورا ملک پر امن ہے۔ ہم ذمہ دار قوم ہیں تمام کھلاڑیوں کو دنیا کے مقابلے کے میدان فراہم کرینگے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ بلوچستان کے کھلاڑی ہر کھیل میں اپنا لوہا منوا چکے ہیں یہاں کے نوجوان دنیا کے کھلاڑیوں کیساتھ مقابلہ کرنے کے قابل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ کو ترجیح دے رہی ہے وزیر اعظم عمران خان بھی کرکٹ کے بہترین کھلاڑی تھے اور آج ملک کے وزیر اعظم ہیں جب کھلاڑی محنت اور لگن سے کھیلے تو وہ دنیا کا نمبر ون کھلاڑی بننے کیساتھ دنیا کی عظیم اور مشہور شخصیت بھی بن سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کوئٹہ کے کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کا کوئی حل نکالا جائیگا ان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے یہ جوان کھلاڑی ملک کے معمار ہونگے اور ملک و صوبے کا نام ہر جگہ روشن کرینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

رائے کا اظہار کریں