Friday, March 29, 2024
ہومپاکستان12ربیع الاول کو شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا ، وزیراعظم ، تین انتظامی کمیٹیاں قائم

12ربیع الاول کو شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا ، وزیراعظم ، تین انتظامی کمیٹیاں قائم

اسلام آباد، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 12 ربیع الاول کی تقریب ملکی تاریخ کی سب سے بڑی تقریب ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت 12 ربیع الاول کی تقریب کی تیاریوں کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیرِاعظم کو 12 ربیع الاول کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزرا فواد احمد چوہدری، نور الحق قادری، شفقت محمود، معاونینِ خصوصی شہباز گِل، عثمان ڈار، سینیٹر فیصل جاوید، رکنِ قومی اسمبلی عامر محمود کیانی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جب کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل، سینیٹر سیف اللہ نیازی اور ڈاکٹر عطا الرحمن وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پورے ملک میں 12 ربیع الاول کو شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا ،پورے ملک میں اس حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 12 ربیع الاول کی تقریب ملکی تاریخ کی سب سے بڑی تقریب ہوگی۔ دوسری طرف یومِ ولادتِ رسول مکرم کے روز سرکاری سطح پر مرکزی تقریب کے اہتمام کیلئے وزیراعظم کی ہدایت و منظوری سے 3اہم انتظامی کمیٹیاں قائم کردی گئی ہے ۔وزیر تعلیم شفقت محمود اور ڈاکٹر عطا الرحمان پر مشتمل کمیٹی مہمانانِ گرامی کا تعین کرے گی ،سینیٹر فیصل جاوید کی سربراہی میں قائم کمیٹی معاونین خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور عثمان ڈار پر مشتمل ہو گی ،کمیٹی تقریب کی کارروائی، سٹیج کے انتظامات اور تزئین و آرائش کے معاملات دیکھے گی۔ چیف آرگنائزر تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ خان نیازی اور ملک عامر ڈوگر پر مشتمل کمیٹی تقریب میں عوام الناس کی شرکت کے عمل کی نگرانی کرے گی ،وزارت اطلاعات و نشریات انعقاد سے قبل، دوران اور بعد میں تقریب کی نشر و اشاعت کی ذمہ دار ہو گی ،صدر مملکت کو بھی خصوصی طور پر تقریب میں مدعو کیا جائے گا، وفاقی وزیرتعلیم و پیشہ وارانہ تربیت صدرِمملکت کو تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دیں گے۔