Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانبجلی صارفین پر 91ارب 36 کروڑ روپے کا بوجھ منتقل کرنے کی تیاری

بجلی صارفین پر 91ارب 36 کروڑ روپے کا بوجھ منتقل کرنے کی تیاری

اسلام آباد،نیپرا نے بجلی صارفین پر 91ارب 36 کروڑ روپے کا بوجھ منتقل کرنے کی تیاری شروع کردی۔

چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی کی سربراہی میں بجلی کمپنیوں کی رواں مالی سال کی دو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی درخواستوں پر نیپرا میں سماعت ہوئی۔بجلی کمپنیوں نے پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے 44 ارب 70کروڑ روپے وصولی کی درخواست کی۔ دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے 46ارب 65کروڑ روپے وصول کرنے کی استدعا کی گئی۔ ڈسکوز حکام نے کہا کہ اضافی رقم ادائیگیوں، آپریشنز اینڈ مینٹننس سمیت بجلی نقصانات کی مد میں مانگی گئی ہے۔چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی نے پوچھا کہ لائن لاسز کو کم کرنے کیلئے کیا اقدامات کئے جا رہے ہیں، بجلی کمپنیاں لائن لاسز کو کم کرنے کیلئے پلان دیں، گزشتہ سماعت پر بھی اتھارٹی نے پلان مانگا تھا ابھی تک نہیں ملا۔نیپرا نے بجلی کمپنیوں کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی جس پر فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔