Tuesday, April 16, 2024
ہومپاکستانہم دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز بلند کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے، صدر مملکت

ہم دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز بلند کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے، صدر مملکت

اسلام آباد،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان کی پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان تمام پاکستانیوں کو مبارک ہو۔ یوم پاکستان مسلمانان برصغیر کے ان کی اپنی شناخت اور آزادی کا دن ہے اور یہ دن ہمیں علامہ اقبال کے خواب کی یاد دلاتا ہے جسے قائد اعظم نے عملی جامع پہنایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے مل کر جیسے پاکستان کو دنیا کا عظیم ملک بنایا وہ ایک مثال ہے۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف قابو پا کر اپنے دشمنوں کو خاص پیغام دیا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جنگ ہو یا اندرونی خلفشار، دہشت گردی ہو یا قدرتی آفت، عوام اور افواج نے وطن کی حفاظت میں کردار ادا کیا ہے اور پاک فوج نے آپریشن ردالفساد میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو نیست و نابود کر دیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو کورونا کی وبا کا سامنا ہے اور ہم نے کم وسائل کے باوجود کورونا وبا کا سامنا کیا۔ ہم بہت جلد کورونا وبا پر قابو پالیں گے لیکن اس کے لیے احتیاط لازم ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ہم پورے خطے میں امن و سلامتی چاہتے ہیں اور ترقی کے خواہش مند ہیں۔ .جنوبی ایشیا کی قیادت تعصب، مذہبی انتہا پسندی کی سیاست کو ترک کر دے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ ظلم پر پاکستان سمیت پوری دنیا کو تشویش ہے اور ہم اپنی آزادی کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔ ہم اپنی سلامتی اور دفاع کیلئے پرعزم اور ہر قسم کی صلاحیت سے لیس ہیں۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مقبوضہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے اور 5 اگست کا اقدام اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا نوٹس لے۔ ہم دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز بلند کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں پاکستانی قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ڈاکٹر عارف علوی نے اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی)کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ باہمی اختلافات بھلا کر اسلامو فوبیا کا مقابلہ کیا جائے۔ خلیجی ریاستوں اور سینٹرل ایشیا کے ساتھ ہمارے مضبوط تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور پرامن بقائے باہمی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا جز ہے۔ ضرب عضب میں پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف کامیابی کی دنیا معترف ہے۔