Saturday, July 27, 2024
ہومتازہ ترینکراچی، حیدرآباد، ملتان، کوئٹہ، فیصل آباد سے حاصل ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

کراچی، حیدرآباد، ملتان، کوئٹہ، فیصل آباد سے حاصل ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

اسلام آباد(آئی پی ایس ) وزارتِ قومی صحت نے کہا ہے کہ ملک کے پانچ اضلاع سے حاصل کردہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا، کراچی کیماڑی، حیدرآباد، ملتان، کوئٹہ اور فیصل آباد کے نمونوں میں پولیو وائرس ملا ہے، ان نمونوں میں پائے جانے والے وائرس کا تعلق سرحد پار سے ہے۔قومی ادارہ صحت میں قائم انسداد پولیو لیبارٹری کے مطابق چار سے پانچ مارچ کے درمیان کراچی کیماڑی سے لیے گئے دو ماحولیاتی نمونوں اور حیدرآباد، ملتان، کوئٹہ اور فیصل آباد سے لیے گئے سیوریج کے پانی کے ایک ایک نمونے میں پولیو وائرس پایا گیا۔
انسداد پولیو لیبارٹری کے مطابق ان نمونوں میں پائے جانے والے وائرس کا تعلق پولیو وائرس کے جینیاتی کلسٹر وائے بی تھری اے سے ہے جو 2021 میں پاکستان سے ختم ہوگیا تھا، افغانستان میں رہا اور جنوری 2023 میں سرحد پار سے ایک بار پھر پاکستان میں آگیا۔
وفاقی سیکریٹری صحت افتخار علی شلوانی نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جو بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور کرسکتی ہے اس سے بچنے کا واحد طریقہ بچوں کو پولیو سے بچا کے قطروں کی متعدد خوراکیں پلانا ہے۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ پولیو ورکرز کے لیے اپنا دروازہ کھولیں اور بچوں کو پولیو ویکسین پلائیں اور اس کے ساتھ ساتھ ان کے حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی مکمل رکھیں تاکہ انفیکشن سے لڑنے کے لیے ان کی قوت مدافعت مضبوط رہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔