Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانلاہور میں جعلی الیکشن ہوا،شجاعت اب بھی پارٹی صدر ہیں،طارق بشیر چیمہ

لاہور میں جعلی الیکشن ہوا،شجاعت اب بھی پارٹی صدر ہیں،طارق بشیر چیمہ

لاہور: مسلم لیگ ق کے سابق مرکزی جنرل سیکرٹری طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ پارٹی سربراہی تبدیل کرکے انہوں نے اپنے پیروں پر خودکلہاڑی مار لی ہے۔ پارٹی کے پرویز الہی گروپ کی جانب سے جنرل کونسل اجلاس میں مرکزی و صوبائی صدارت اور جنرل سیکرٹری کے عہدے تبدیل کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے پیروں پر خود کلہاڑی مار لی ہے۔ اب ان کے بس کی بات نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلا لیڈر دیکھا ہے جو اپنی حکومتیں خود توڑ کر بیٹھا ہوا ہے۔قومی اسمبلی اپنی مدت پورے کرے گی۔ فواد چودھری کو گرفتار کرنے سے کچھ نہیں ہوا۔ فواد چوہدری جتنا سیریس بندہ ہے سب کو معلوم ہے۔

طارق بشیر چیمہ نے دعوی کیا کہ جو ارکان صوبائی اسمبلی پرویز الہی کے ساتھ تھے، وہ ہم سے رابطے میں ہیں۔ پہلے ہمیں ان کی ضرورت تھی مگر اب فیصلہ ہم کریں گے۔ق لیگ کے سابق مرکزی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ الیکشن کے لیے اخلاقی طور پر فورس کیا جاتا ہے۔ ہم تو کہتے ہیں صوبائی اسمبلیاں تحلیل کی ہیں تو آ الیکشن لڑیں۔ اپنے حلقوں میں الیکشن کی تیاری شروع کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں پارٹی ٹکٹ چودھری شجاعت ہی دیں گے کیوں کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد ایک فریق کو تو گھر بیٹھنا ہوگا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ق کے پرویز الہی گروپ نے پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس منعقد کیا، جس میں چودھری شجاعت کو پارٹی کی صدارت اور طارق بشیر چیمہ کو بھی مرکزی سیکرٹری جنرل کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اجلاس میں چودھری وجاہت حسین کو بلامقابلہ مرکزی صدر اور کامل علی آغا کو مرکزی جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ق کی جنرل کونسل کے اجلاس میں سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کو مسلم لیگ ق پنجاب کا بلامقابلہ صدر بھی منتخب کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔