Saturday, September 7, 2024
ہومپاکستانپاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کے انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر اسکا محاسبہ کرے،صدر مملکت

پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کے انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر اسکا محاسبہ کرے،صدر مملکت

اسلام آباد،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے غیر قانونی طورپر مقبوضہ کشمیر میں محکوم کشمیریوں کے حق خودارادیت سے انکار انسانی وقار کی نفی ہے، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کا حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی کنجی ہے۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی مکمل حمایت اور یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ ہم کشمیریوں کے ناقابلِ تردید حق خود ارادیت کے حصول تک ہر طرح کی حمایت جاری رکھیں گے۔ یوم یکجہتی کشمیر 2021 پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستانی عوام آج کے دن اپنے کشمیریوں بھائیوں کو حق خودا رادیت کے حصول کی مسلسل جدوجہد پر بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی بین الاقو امی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے اور مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی غرض سے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات کیے ۔حقِ خودارادیت، اقوام متحدہ کے چارٹر کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے تمام بڑے معاہدات میں موجود بنیادی حقوق میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طورپر مقبوضہ کشمیر میں محکوم کشمیریوں کے اس حق سے انکار انسانی وقار کی نفی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود سب سے پرانے تنازعات میں سے ہے۔ یہ تنازعہ بھارتی ہٹ دھرمی ، وعدوں کی پاسداری سے انکار، بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی بے توقیری کی وجہ سے حل نہیں ہوسکا۔ بھارتی قابض افواج غیر انسانی محاصرے، مواصلات کی بندش، سرچ آپریشنز، جعلی مقابلوں، کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل، پیلٹ گنوں کے بے دریغ استعمال اور اجتما عی سزا ں کے اطلاق سے بے گناہ کشمیریوں پر ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ غیرقانونی طور پرمقبوضہ کشمیر میں لاگو سفاکانہ قوانین بھارتی ا فواج کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر مکمل استثنی فراہم کرتے ہیں ۔ صدر مملکت نے کہا کہ قابض بھارتی راج مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی امتیاز کے ذریعے کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل رہا ہے۔ یہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ معصوم کشمیری مرد، خواتین اور بچوں پرآئے روز کے مظالم، بھارتی ریاستی دہشت گردی کے واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کے انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر اسکا محاسبہ کرے۔ بھارت خطے کی سلامتی کیلئے نقصان دہ یک طر فہ اور غیر قانونی کارروائیوں اورمقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس کے ہندوتوا ایجنڈے کے نفاذ سے باز رہے ۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کا حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی کنجی ہے۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی مکمل حمایت اور یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ ہم کشمیریوں کے ناقابلِ تردید حق خود ارادیت کے حصول تک ہر طرح کی حمایت جاری رکھیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔