راولپنڈی ،مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2023میں میں پی ٹی آئی کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے،تحریک انصاف کو کنٹونمنٹ انتخابات میں ابدی نیند سلا دیا ہے،مطالبہ نہیں حق ہے کہ 2023میں شفاف الیکشن مہیا کرنا ہونگے، سلیکٹڈ نے 3سال میں ملک کوتباہ کردیا۔ وہ اتوار کو راولپنڈی میں (ن)لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ کنٹونمنٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کی کامیابی معمولی بات نہیں، تحریک انصاف کو کنٹونمنٹ انتخابات میں ابدی نیند سلا دیا گیا ہے، کنٹونمنٹ بورڈ ز کے صاف اور شفاف انتخابات ہوئے، الیکشن کمیشن کو آئندہ بھی شفاف الیکشن کرانا ہوں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے ہاتھوں سوا 3 سال میں ملک تباہ ہونے پر آ گیا ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم نے پاکستان کو معاشی طور پر برباد کردیا ہے، انہوں نے قرضے لے کر پاکستان کو بدحال کردیا ہے، آٹا، دال اور چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہے ہیں، آج غریب آدمی کودوائی نہیں مل رہی ، بجلی کے بل غریب عوام پر بجلی بن کر حملہ کررہے ہیں،قوم کاتیل نکالے والا سلیکٹڈ کہتا ہے آپ نے گھبرانا نہیں، یہ کہتے تھے ایک کروڑ نوکریاں اور لاکھوں گھر دیں گے لیکن انہوں نے روزگار چھین لئے، آج سوا تین سال بعد لوگوں کی آنکھیں کھل گئی ہیں،2023میں میں پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر ہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے۔ قبل ازیں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما خواجہ آصف نے پارٹی قیادت میں اختلافات کا اعتراف کر لیا اور کہا کہ جھگڑے ہمارے عام کارکن کے نہیں بلکہ قیادت کے ہیں،اگر قیادت نے اپنے جھگڑے ختم نہ کیے تو پھر ہم کبھی بھی کام یاب نہیں ہوسکیں گے،عوام مہنگائی اور غربت سے تنگ آچکی ہے، موجودہ حکومت کابوریا بستر کسی بھی وقت گول ہوسکتا ہے،ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے الیکشن میں 73 فیصد ووٹ موجودہ حکم رانوں کے خلاف پڑا، اور ان انتخابات میں ن لیگ کی کامیابی عوام کے لیے کی گئی خدمت کا صلہ ہے۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے، لیکن آئندہ انتخابات میں کام یابی کے لیے ہمیں اتحاد قائم کرناہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں ہونے والے انتخابات شفاف نہیں تھے، عوام مہنگائی اور غربت سے تنگ آچکی ہے، موجودہ حکومت کابوریا بستر کسی بھی وقت گول ہوسکتا ہے، پاکستان میں انتخابات کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں۔
2023میں پی ٹی آئی کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے ،شہباز شریف ،خواجہ آصف کا قیادت میں اختلافات کا اعتراف
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔