Sunday, May 18, 2025
ہومشوبزپاکستان کے بجائے جہنم جانا زیادہ پسند کروں گا، جاوید اختر کی احسان فراموشی

پاکستان کے بجائے جہنم جانا زیادہ پسند کروں گا، جاوید اختر کی احسان فراموشی

ممبئی (آئی پی ایس) بالی ووڈ کے معروف شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر نے ایک بار پھر اپنی منافقانہ سوچ اور پاکستان دشمنی کا کھلم کھلا اظہار کر دیا۔ ممبئی میں شیو سینا(یو بی ٹی)کے رہنما سنجے راوت کی کتاب نرکتلا سورگ (دلدل میں جنت)کی تقریب رونمائی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اپنے خلاف ہونے والی تنقید اور گالی گلوچ پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نہ صرف مسلمانوں بلکہ ہندوں کی طرف سے بھی شدید تنقید کا سامنا ہے۔

جاوید اختر نے کہا کہ انہیں دونوں طرف سے گالیاں ملتی ہیں، ایک طرف سے انہیں کافر کہہ کر جہنم جانے کی دھمکیاں ملتی ہیں جبکہ دوسری طرف سے انہیں جہادی کہہ کر پاکستان جانے کا کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا، اگر میرے پاس صرف دو آپشن ہوں، جہنم جانے کا یا پاکستان جانے کا، تو میں جہنم جانا پسند کروں گا۔اس موقع پر مہاراشٹر کے سابق وزرائے اعلی ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار (این سی پی-ایس پی) کے صدر بھی موجود تھے۔

جاوید اختر نے سیاست اور مذہب کے حوالے سے اپنے کھلے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ انہیں شدید نفرت اور تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، لیکن وہ یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ بہت سے لوگ ان کی حمایت کرتے ہیں اور ان کے خیالات کی قدر کرتے ہیں۔جاوید اختر نے کہا، دونوں طرف کے انتہاپسند مجھے گالیاں دیتے ہیں، یہ حقیقت ہے۔ اگر ایک طرف سے بھی گالی دینا بند ہو جائے، تو میں اسے انوکھا سمجھوں گا اور یہ سوچوں گا کہ شاید میں نے کوئی غلطی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں بے شک ان لوگوں کا شکر گزار ہوں جو مجھے سراہتے ہیں اور میری حوصلہ افزائی کرتے ہیں، لیکن یہ سچ ہے کہ انتہاپسند دونوں طرف سے مجھے گالیاں دیتے ہیں۔ تاہم وہ بھارت سے وفا داری نبھانے کا یقین دلانے کی جدوجہد میں پاکستان سے اپنی نفرت کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں لیکن پھر بھی انہیں ہندوں کی طرف سے بھی گالیوں اور تنقید کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ جاوید اختر نے بھارت کے ایوانِ بالا(راجیہ سبھا)میں مارچ 2010 سے مارچ 2016 تک بطور رکن خدمات انجام دیں، جب انہیں صدر کی جانب سے ایوانِ بالا کا رکن نامزد کیا گیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔