Friday, May 16, 2025
ہومپاکستانایران نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی

ایران نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی

تہران(آئی پی ایس )ایران نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان اور بھارت میں ثالثی کے لیے تیار ہے، دونوں ممالک ایران کے پڑوسی اور ثقافتی، تہذیبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاکستان اور بھارت کے درمیان افہام و تفہیم کے لیے ہر ممکن کوشش کے لیے تیار ہیں۔

اس سے قبل پاکستانی نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔اسحاق ڈار نے ایران کے تعمیری اور ذمہ دارانہ رویے کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کا خواہش مند ہے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔