بیجنگ :چین کے وزیرخارجہ وانگ ای نے ماسکو میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی۔
بدھ کے روزملاقات کے موقع پر صدر پیوٹن نے صدر شی جن پھنگ کے لیے نیک خواہشات پیش کیں اور خوشی کا اظہار کیا کہ صدر شی کے ساتھ طے شدہ متعدد اتفاق رائے کو عمل میں لایا جارہا ہے۔روس -چین تعلقات اعلیٰ سطح پر ترقی کر رہے ہیں اور مختلف شعبہ جات میں تعاون گہرا کیا جارہا ہے۔”روس -چین ثقافتی سال” کامیابی کے ساتھ منایا جارہا ہے ، جس سے مثبت پیش رفت حاصل ہوئی ہے اور عوامی سطح پر دونوں ممالک کی دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے۔ رواں سال عظیم حب الوطنی کی جنگ میں سوویت یونین کی فتح کی 80 ویں سالگرہ منائی جاری ہے ، امید ہے کہ چین روس میں منعقد ہونے والی یادگاری سرگرمیوں میں شریک ہوگا اور نازیوں، فاشزم اور جاپانی عسکریت پسندی کے خلاف فتح کا جشن مشترکہ طور پر منایا جائے گا۔
روس اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے روس – چین جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے تعلقات کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے اور اقوام متحدہ ، شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس ممالک سمیت کثیرالجہتی فریم ورکس کے تحت تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔وانگ ای نے صدر شی جن پھنگ کی جانب سے صدر پیوٹن کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماوں کی ہدایات میں چین اور روس کے تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد مضبوط ہوتا جارہا ہے، اسٹریٹجک کوآرڈینیشن مزید قریب ہو رہا ہے، ٹھوس تعاون مضبوط ہو رہا ہے، جس سے دونوں بڑے ممالک کی اپنی اپنی ترقی اور اہم علاقائی اور عالمی امور میں مشترکہ دلچسپی کی حفاظت کی گئی ہے۔ چین اور روس کا تعاون کبھی بھی کسی تیسرے فریق کے خلاف نہیں رہا اور یہ بیرونی مداخلت کے تابع بھی نہیں ہے۔ چین اور روس کے تعلقات وقت کے ساتھ وسیع تر ہو رہے ہیں، اور ان کے درمیان دوستی طویل مدتی مستقبل پر مرکوز ہے۔دورہ روس کے دوران وانگ ای نے اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ بھی بات چیت کی۔