بوآؤ،ہائی نان (شِنہوا) چین کے جنوبی صوبے ہائی نان کے شہر بوآؤ میں بوآؤ فورم برائے ایشیا (بی ایف اے) کی سالانہ کانفرنس 2025 کا آغاز ہوگیا۔
چینی نائب وزیراعظم ڈنگ شوئے شیانگ جمعرات کے روز افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔
2001 میں قائم ہونے والا بی ایف اے ایک غیر سرکاری اور غیر نفع بخش بین الاقوامی ادارہ ہے جو علاقائی اقتصادی انضمام کے فروغ اور ایشیائی ممالک کو ان کے ترقیاتی
اہداف کے قریب لانے میں پرعزم ہے۔ 25 سے 28 مارچ تک جاری رہنے والی اس کانفرنس کا موضوع ’’بدلتی دنیا میں ایشیا، ایک مشترکہ مستقبل کی سمت ‘‘ ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں ڈنگ نے کہا کہ گزشتہ ایک عشرے میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایشیائی برادری کے قیام میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ چین اور آسیان نے ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری قائم کی ہے اور علاقائی جامع اقتصادی شراکت داری کا نفاذ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی اقتصادی انضمام کو تقویت ملی ہے اور عالمی معیشت میں ایشیا کی حصہ داری پائیدار انداز سے بڑھ رہی ہے۔
ڈنگ نے دنیا کو درپیش بڑھتے ہوئے عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کا بھی تذکرہ کیا اور عالمی مسائل سے نمٹنے، ایشیائی برادری کے قیام ، ایشیا اور اس سے آگے ایک بہتر مستقبل کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔