Wednesday, April 2, 2025
ہومدنیاچین۔امریکہ تعلقات ایک اہم موڑ پر ہیں ، چینی وزیرخارجہ

چین۔امریکہ تعلقات ایک اہم موڑ پر ہیں ، چینی وزیرخارجہ


بیجنگ : چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے امریکہ۔چین تعلقات کی قومی کمیٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ایگزیکٹو نائب چیئرمین ایون گرین برگ اور ناورو کے وزیر خارجہ لیونل اینگیمیا سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ناورو کے وزیر خارجہ ناورو کے چین میں سفارت خانے کے افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر چین آئے تھے۔جمعرات کے روز گرین برگ سے ملاقات کے دوران، وانگ ای نے کہا کہ اس وقت چین۔امریکہ تعلقات ایک اہم موڑ پر ہیں۔فریقین کو رابطے بڑھانے، باہمی تفہیم کو فروغ دینے، غلط فہمیوں سے بچنے اور اختلافات پر کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔ چین مساوات کے اصول اور باہمی احترام کی بنیاد پر امریکہ کے ساتھ بات چیت اور مشاورت کے ذریعے اپنے اپنے جائز خدشات کو حل کرنے کے لیے تیار ہے۔

گرین برگ نے کہا کہ امریکہ۔چین تعلقات دنیا کے سب سے اہم دو طرفہ تعلقات ہیں۔ دونوں فریقوں کو رابطے بڑھاتے ہوئے دونوں ممالک کے رہنماؤں کے وژن کو عملی جامہ پہنانا چاہیے اور امن و خوشحالی حاصل کرنی چاہیے۔ امریکہ۔چین تعلقات کی قومی کمیٹی اور میں ذاتی طور پر اس سلسلے میں مسلسل کوششیں جاری رکھیں گے۔اینگیمیا سے ملاقات کے دوران، وانگ ای نے کہا کہ چین ناورو کی ایک چین کی پالیسی پر سختی سے عمل کرنے کی تعریف کرتا ہے۔ چین زراعت، ماہی گیری، کھیل، سمندری ترقی، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور صلاحیت بڑھانے کے شعبوں میں ناورو کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ چین۔ناورو تعلقات کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کی جا سکے۔ اینگیمیا نے کہا کہ ناورو ایک چین کے اصول پر اپنے موقف میں ذرہ برابر بھی تبدیلی نہیں لائے گا اور تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی توقع رکھتا ہے تاکہ ناورو-چین تعلقات کو مسلسل نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔