Saturday, December 28, 2024
ہومبریکنگ نیوزکرم صورتحال پر جاری جرگہ میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا، کل تک موخر

کرم صورتحال پر جاری جرگہ میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا، کل تک موخر

پشاور (آئی پی ایس )کرم کی کشیدہ صورتحال پر جاری جرگہ میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا، کوہاٹ میں جرگہ بلانتیجہ کل تک موخر ہوگیا۔ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف کے مطابق کرم میں صورتحال پر کوہاٹ جرگہ میں فریقین موجود ہیں، جس میں مزید افراد بھی کل شرکت کریں گے۔بیرسٹرسیف کا کہنا ہے کہ حکومت کا کردار ثالثی ہے، ٹاسک فورس بھی بنائی ہے ایک فریق نے وقت مانگا تھا، وہ دوبارہ واپس آگیا ہے ، بنیادی مقصد اسلحہ اور بھاری ہتھیار واپس کرنا ہے، کل تک معاہدہ ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد سڑک کو کھول دیا جائے گا۔

ضلع کرم میں رابطہ سڑکوں کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں درپیش مشکلات کے پیش نظر وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر صوبائی حکومت کی ہیلی کاپٹر سروس جاری ہے جبکہ ضلع میں حالات معمول پر نہ آسکے۔گذشتہ روز صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 کی کرم کے لئے کل 6 پروازیں ہوئیں،جن کے ذریعے 145 افراد کو ائیر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔

ذرائع کے مطابق پہلی پرواز کے ذریعے 29 افراد کو پشاور سے پاراچنار پہنچایا گیا، اسی پرواز کے ذریعے بچوں کے لئے دودھ کے پیکٹس بھی پاراچنار بھیجی گئیں، دوسری پرواز میں 31 افراد کو پاراچنار سے کوہاٹ منتقل کیا گیا۔پھر تیسری پرواز کے ذریعے 10 افراد اور ایک لاش کوہاٹ سے پاراچنار منتقل کیا گئی۔

ہیلی کاپٹر کی چوتھی پرواز میں 31 افراد کو پاراچنار سے کوہاٹ پہنچایا گیا، پانچویں پرواز کے ذریعے 5 افراد کو کوہاٹ سے پاراچنار منتقل کیا گیا، اسی طرح دن کی آخری اور چھٹی پرواز میں 39 افراد بشمول آٹھ بچوں کو پاراچنار سے پشاور پہنچایا گیا۔رپورٹ کے مطابق اب تک صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر سروس کے ذریعے مجموعی طور پر 613 افراد کو ائیر ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی گئی ہے۔ ان افراد میں جرگہ ممبران کے علاوہ بچے، خواتین، طلبہ اور مریض شامل ہیں۔

ہیلی کاپٹر کے ذریعے کرم تک ضروری ادویات کی سپلائی کا عمل بھی جاری ہے، اب تک صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے تقریبا 10 ٹن ادویات کرم پہنچائی جاچکی ہیں، وزیر اعلی کی ہدایت پر کرم کا زمینی راستہ کھلنے تک ہیلی کاپٹر سروس جاری رہے گی۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں کرم کے شہریوں کو درپیش مشکلات کا بخوبی احساس ہے، صوبائی حکومت کرم کے عوام کی مشکلات کم کرنے اور انہیں ریلیف دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو درپیش مسائل جلد سے جلد حل ہوں۔ امید ہے کہ جلد کرم کے مسئلے کا پرامن حل نکل آئے گا اور وہاں زندگی معول پر آئے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔