Thursday, December 19, 2024
ہومپاکستانغزہ میں جنگ بندی نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر کے امن کیلئے ناگزیر ہے، وزیراعظم

غزہ میں جنگ بندی نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر کے امن کیلئے ناگزیر ہے، وزیراعظم

قاہرہ (آئی پی ایس )وزیرِاعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر کے امن کے لیے ناگزیر ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان ملازمتیں ڈھونڈنے کے بجائے ملازمتیں دینے والے بنیں، نوجوانوں کی معاونت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے اہم ہے۔
مصر کے شہر قاہرہ میں ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی ایٹ کے 11ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈی 8سربراہی اجلاس کی میزبانی پر حکومت مصر کو مبارکباد دیتے ہیں، غزہ میں جنگ بندی اشد ضروری ہے، غزہ میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہیں، غزہ میں جنگ بندی خطے سمیت دنیا بھر میں امن کے لیے ناگزیر ہے، برادر ملک آذربائیجان کو ڈی 8کے نئے رکن کے طور پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان معاشی ترقی کے کلیدی محرک ہیں، نوجوان توانائی، نئے خیالات اور تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور ہیں، ڈی 8 رکن ممالک کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اجلاس کا موضوع 21 ویں صدی میں ہماری اجتماعی خوشحالی کا واضح خاکہ ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد سے زائد حصہ 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان ، یوتھ پروگرام کے ذریعے معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، 2013 سے اب تک 6 لاکھ طلبہ کو لیپ ٹاپس تقسیم کیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے پاس بہترین آئیڈیاز ہوتے ہیں، اس وقت ہماری توجہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیٹا پروٹیکشن اور سائبر سکیورٹی پر مرکوز ہے تاکہ ہمارے نوجوان دنیا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بڑھتے مواقع سے فائدہ اٹھاسکیں اور ملازمت ڈھونڈنے کے بجائے ملازمتیں دینے کی جانب جائیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کی سب سے بڑی فری لانسرز کمیونٹیز میں سے ایک ہے، ہونہار اور قابل طالب علموں کو اسکالر شپس دی گئی ہیں، نوجوانوں کو جدید صلاحتیوں سے آراستہ کرنے کے لیے کوشاں ہیں، ہم آئی ٹی کے شعبے میں تربیت پر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔
قبل ازیں، جمعرات کو شاہی محل آمد پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے شہباز شریف کا استقبال کیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے، ڈی ایٹ ممالک کیسربراہان سے مصافحہ کیا اور ان سے خیرسگالی کے جذبات کا بھی اظہار کیا۔ استنبول میں 1997میں قائم ہونے والی ڈی ایٹ آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن، جسے ڈیولپنگ8کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، مصر ، نائجیریا ، ترکی ، پاکستان ، انڈونیشیا ، بنگلہ دیش ، ایران اور ملائیشیا کے مابین ترقیاتی تعاون کی تنظیم ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔