اسلام آباد: وزارت خارجہ نے یونان کشتی حادثے میں مزید پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، یونان کشتی حادثے میں چھ پاکستانی جاں بحق ہوئے، کشتی میں تراسی پاکستانی سوار تھے۔ یونان میں سفیرعامر آفتاب نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ لاپتہ پاکستانیوں میں بڑی تعداد کم عمر بچوں کی ہے،
کشتی حادثے کے متاثرین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا تعلق پنجاب کے علاقوں گجرات، سیالکوٹ اور ضلع قصورسے ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 10 تاریخ کو روانہ ہوئے، 11 کو کشتی میں سوار ہوئے، ہم پاکستان سے لیبیا آئے تھے، وہاں ڈیڑھ سے دو ماہ شدید اذیت کا شکار رہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم 3 دن تک سمندر میں سفر کرتے رہے، کشتی کا انجن ٹھیک تھا نہ ہی واکی ٹاکی، حادثےکے بعد ہمیں ایک کارگو شپ نے بچایا۔
کشتی حادثہ کے متاثرین نے بتایا کہ ہمارے پاس کپڑے، چپلیں اور موبائل فون بھی نہیں، اس وقت ہم یونان کے کیمپ میں بیٹھے ہیں۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل یونانی جزیرہ غاودوس، کریتی میں پناہ گزینوں اور تارکین وطن کو لے جانے والی لکڑی کی کشتی کے ڈوبنے کے بعد لاپتا افراد کی تلاش کے لیے کوسٹ گارڈ کا آپریشن جاری ہے۔