اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ریاست پاکستان اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے تعین کے لیے چیئرمین پی ٹی اے کی سربراہی میں 10 رکنی ٹاسک فورس قائم کردی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے کی سربراہی میں بننے والی ٹاسک فورس حالیہ احتجاج کے دوران پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرے گی، اور 10 روز میں اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جوائنٹ ٹاسک فورس میں دیگر اداروں کے افسران بھی شامل ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کچھ شر پسند عناصر سیکیورٹی فورسز کے حوالے سے گمراہ کن پروپیگنڈا کررہے ہیں، پروپیگنڈے کا مقصد اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے ملک میں انتشار پھیلنا ہے۔
واضح رہے کیہ 2 روز قبل بھی وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا تھا۔ جس نے اسلام آباد میں انتشار اور فساد پھیلانے والوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے کردار ادا کرنا تھا۔