اسلام آباد:سابق ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی کی مبینہ غیرقانونی حراست اور رہائی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد پولیس کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا جس پر ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ نے عدالت سے کل تک کا وقت مانگ لیا۔
صداقت عباسی کے بھائی عثمان عباسی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں سیکریٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر اور دیگر کو فریق بنایا گیا۔عثمان عباسی کی جانب سے وکیل انصر کیانی اور ثاقب عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔
واضح رہے کہ 24 نومبر کو اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما صداقت عباسی کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس صداقت عباسی کو فیض آباد پل سے گرفتار کرکے قیدی وین میں بٹھا کر لے گئی تھی۔ صداقت عباسی کا کہنا تھا کہ میرا احتجاج سے کوئی تعلق نہیں، گھر جا رہا تھا۔
صداقت عباسی نے گزشتہ سال پاکستان تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔