Sunday, December 8, 2024
ہومتازہ ترینشیلنگ سے اموات جھوٹا پروپیگنڈا قرار، گرینڈ آپریشن کے دوران آتشیں اسلحہ استعمال کی تردید

شیلنگ سے اموات جھوٹا پروپیگنڈا قرار، گرینڈ آپریشن کے دوران آتشیں اسلحہ استعمال کی تردید

اسلام آباد: سکیورٹی ذرائع نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شیلنگ سے کئی مظاہرین کی اموات سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری پروپیگنڈا جھوٹا قرار دیدیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر چند لوگوں کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کے احتجاج کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شیلنگ سے کئی مظاہرین کی اموات ہوئی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مظاہرین کی اموات کی خبر جھوٹی اور من گھڑت ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنی ناکامیوں اور کوتاہیوں کو چھپانے کے لیے ایک بار پھر من گھڑت اور جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی اموات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ کل رات کے پولیس اور رینجرز آپریشن میں کسی قسم کے آتشیں اسلحے کا استعمال نہیں کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ گزشتہ رات کے پولیس اور رینجرز آپریشن میں کسی قسم کے آتشیں اسلحے کا استعمال نہیں کیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مختلف مقامات پر کارروائیوں کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے شرپسندوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔
ذرائع نے مزید کہا کہ گرفتار شرپسندوں سے اسلحہ، غلیلیں، پتھر اور دیگر اشیا بھی برآمد ہوئی ہیں، گرفتار شرپسندں کے قبضے سے آنسو گیس کے شیل بھی برآمد کیے گئے ہیں، پرتشدد احتجاج میں خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین اور اہلکار بھی شریک تھے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اب تک راولپنڈی سے 400، اٹک پتھرگڑھ سے 410، چکوال سے 44، مری سے 3 اور میانوالی سے 8 شرپسند گرفتار کیے جاچکے ہیں، پی ٹی آئی کے اس پرتشدد احتجاج کے دوران پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کی شہادتیں بھی ہوئیں جبکہ متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں چند کی حالت تشویشناک ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا یہ احتجاج کسی طور پر بھی پرامن نہیں تھا، اس احتجاج کا مقصد صرف اور صرف ملک میں بدامنی پھیلانا تھا، گرفتار شرپسندوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران رکن اسمبلی شیر افضل مروت نے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ سے پی ٹی آئی کے 12 ورکرز کے مارے جانے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ پی ٹی آئی ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے اپنے 8 ورکز کے مارے جانے کا دعویٰ کیا۔
واضح رہے کہ منگل کو پی ٹی آئی کا احتجاجی مارچ اسلام آباد میں بلیو ایریا سے ہوتا ہوا ڈی چوک کی جانب بڑھا جہاں سیکیورٹی اہلکاروں اور پی ٹی آئی کے حامیوں کے درمیان دن بھر مختلف مقامات پر جھڑپیں ہوتی رہیں، تاہم مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے رات کو آپریشن شروع کیا گیا اور بلیو ایریا کو مظاہرین سے کلیئر کروا لیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔