ابوظہبی :ابوظہبی کی ٹیم نے اپنی شاندار فارم جاری رکھتے ہوئے دو دن میں دو کامیابیاں حاصل کیں اور یوپی نوابز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آسانی سے فتح حاصل کی۔ اپنا پہلا سیزن کھیل رہے نوابز کو تیز گیند باز مارک اڈیئر کا سامنا کرنے میں مشکل پیش آئی۔ آئرش باؤلر نے اپنے 2 اوورز میں صرف 11 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور میزبان ٹیم نے نوابز کو 51 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
ہدف کے تعاقب کی ذمہ داری کائل میئرز نے اٹھائی اور 8 گیندوں پر ناقابل شکست 26 رنز بنا کر میچ کا اختتام کیا جس کی بدولت ٹیم ابوظبی نے میچ صرف 4.2 اوورز میں 8 وکٹوں سے جیت لیا۔ابوظبی ٹی 10 کے دوسرے روز بھی دکن گلیڈی ایٹرز کے اسٹار جوز بٹلر نے بلے سے اپنی شاندار فارم جاری رکھی۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے ایک اور تیز نصف سنچری اسکور کی جس کی مدد سے ان کی ٹیم نے عجمان بولٹس کو 20 رنز سے شکست دی۔بٹلر نے میچ میں 22 گیندوں پر 6 چھکے اور 3 چوکے لگا کر ناقابل شکست 60 رنز بنائے۔
مارکس اسٹوئنس نے بھی 18 گیندوں پر ناقابل شکست 42 رنز کی معاون اننگز کھیلی جس کی بدولت گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔جواب میں بولٹس کو تیز گیند باز جیک گلیسن نے شروع میں ہی روک دیا جس نے ٹاپ آرڈر کو تباہ کر دیا۔ لیکن محمد نبی اور جیمز نیشم نے جارحانہ اننگز کا آغاز کیا اور گلیڈی ایٹرز پر دوبارہ دباؤ ڈالنے کے لیے باؤنڈری مارنا شروع کردی۔ لیکن آخر کار یہ ہدف ہاتھ سے نکل گیا اور گلیڈی ایٹرز نے اپنی دوسری فتح حاصل کی۔