برا زیلیا :چین اور برازیل کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ منانے کے لیے ایک ثقافتی تبادلے کی تقریب برازیلیا میں منعقد ہوئی جس کا اہتمام چائنا میڈیا گروپ اور برازیل کی نیشنل میڈیا کمپنی نے مشترکہ طور پر کیا۔ برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا نے اس تقریب کے لیے تہنیتی پیغام بھیجا ۔ برازیل کے سیاست دانوں، بشمول نائب صدر اور وزیر برائے ترقی، صنعت اور تجارت، برازیل کے ایوان صدر کے ادارہ جاتی تعلقات کے وزیر،ایوان صدر کے پریس امور کے وزیر، وزیر ثقافت، ایگزیکٹو وزیر سیاحت ، اور برازیل کی نیشنل میڈیا کمپنی کے صدر نے تقریب میں شرکت کی۔
صدر لولا نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ چین اور برازیل کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ منانے کے لیے چائنا میڈیا گروپ اور برازیلین نیشنل میڈیا کمپنی کےزیر اہتمام ثقافتی تبادلے کی سرگرمی بہت اہمیت کی حامل ہے جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ ثقافتی پل کو مزید مضبوط کرے گی۔چائنا میڈیا گروپ کے صدر شن ہائی شیونگ نے اپنی تقریر میں کہا کہ چائنا میڈیا گروپ ہمیشہ سے چین اور برازیل کے درمیان ثقافتی تبادلوں اور افرادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم رہا ہے۔ چائنا میڈیا گروپ برازیل میں تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے دوستوں کے ساتھ مل کر چین اور برازیل کے درمیان ثقافتی تبادلوں کو مزید گہرا کرنے، چین۔برازیل جامع تزویراتی شراکت داری کو مشترکہ طور پر ایک نئی بلندی تک پہنچانے اور چین۔برازیل تعلقات کے اگلے “سنہری 50 سال” میں داخلے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔
چائنا میڈیا گروپ نے برازیل کی وزارت ثقافت، برازیل کے ایوان صدر کے پریس افیئرز ڈیپارٹمنٹ، برازیل کی نیشنل میڈیا کمپنی اور برازیل کی فیڈریشن آف ایگریکلچر اینڈ لائیوسٹاک کے ساتھ تعاون کی دستاویزات پر دستخط کیے۔ تقریب میں چائنا میڈیا گروپ نے چین اور برازیل کے درمیان فلمی ثقافت کے تبادلے کو مزید گہرا کرنے کے لیے ریو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے ساتھ تعاون کی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔اس موقع پر برازیلی یوتھ آرکسٹرا، جس نے برازیلیا میں 2019 کے برکس سمٹ کے دوران پرفارم کیا تھا ،نے چینی خاتون اول پروفیسر پھنگ لی یوان کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کے لیے خصوصی طور پر “ہیپی برتھ ڈے گانا” لائیو پیش کیا۔