Sunday, December 8, 2024
ہومپاکستانکراچی ائیرپورٹ پرچینی شہریوں پر حملے میں ملوث 3دہشتگرد گرفتار، رکشہ ڈرائیور، بینک ملازم سہولت کار نکلے

کراچی ائیرپورٹ پرچینی شہریوں پر حملے میں ملوث 3دہشتگرد گرفتار، رکشہ ڈرائیور، بینک ملازم سہولت کار نکلے

کراچی(آئی پی ایس )وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ کے قریب چینی شہریوں پر حملے میں ملوث تین دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ ضیا لنجار کا کہنا تھا کہ کراچی ائیرپورٹ پر حملے میں دو چینی شہری ہلاک ہوئے، دھماکے کی جگہ سے ایک گاڑی کا چیسز اور نمبر پلیٹ ملی، حملہ آور شاہ فہد کی شناخت فنگر پرنٹس سے کی گئی۔ضیا لنجار نے بتایا کہ حملے میں استعمال گاڑی کراچی سے خریدی گئی، ادائیگی حب کے نجی بینک کے ذریعے کی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ائیرپورٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ جاوید اور خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، حملے کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کار خاتون کو آر سی ڈی ہائی وے سے گرفتار کیا، ملزم جاوید عرف سمیع ائیرپورٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے، گرفتار خاتون کو ملزمان حب سے کراچی لائے تھے، حملہ آور کے سہولت کار فرحان اور محمد سعید رکشہ ڈرائیور کے ساتھ تھے، سہولت کاری میں سعید علی اور بینک ملازم بلال بھی شامل تھے، مزید کارندے دانش، گل رحمان اور بشیر زید ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ ملزم جاوید نے ائیرپورٹ کے ا ندر سے چائینز کے باہر نکلنے کی فون پر اطلاع دی، حملہ آور سے ملزم جاوید رابطے میں تھا، حملے میں ملوث 3 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب کراچی ائیرپورٹ کے قریب خود کش دھماکے کی تفتیش میں پیشرفت سامنے آئی ہے اور حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا پتہ چل گیا ہے۔تفتیشی ذرائع کے مطابق حملے میں سیاہ رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی استعمال کی گئی، گاڑی میں حملہ آور اور اس کی سہولت کار خاتون بھی تھی، مبینہ ملزمہ کو بلوچستان سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ خودکش حملہ آور کے دیگر ساتھی بھی گرفتار ہیں جن سے تفتیش جاری ہے، گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے خود کش جیکٹ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے ممکنہ طور پر سائٹ ایریا میں غیر ملکیوں پر فائرنگ بھی گرفتار دہشتگردکے سہولت کار نے کی، ایک مبینہ خود کش حملہ آور کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔