Saturday, December 21, 2024
ہومکالم وبلاگزایسی ہوتی ہیں سیاسی جماعتیں؟

ایسی ہوتی ہیں سیاسی جماعتیں؟


تحریر: عرفان صدیقی

میں اتوار کے دِن یہ کالم لکھ رہا ہوں جو آپ منگل کو پڑھیں گے۔ عالم یہ ہے کہ گزشتہ چار روز سے اسلام آباد کی سڑکیں، گلیاں، بازار، منڈیاں، تعلیمی ادارے اور دفاتر بند پڑے ہیں۔ مریض ہسپتالوں تک نہیں پہنچ پا رہے۔ مسافر ہوائی اڈوں تک نہیں جاسکتے۔ تازہ سبزیوں، پھلوں اور روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ کوئی نہیں جانتا کہ دیہاڑی دار مزدوروں اور محنت کشوں پر کیا گذر رہی ہے۔ ٹیلی فون سروس معطّل ہے۔ شادیوں کی تقریبات منسوخ ہو رہی ہیں۔کسی کو منیر نیازی کا آسیب زدہ شہر دیکھنا ہوتو اسلام آباد آ جائے۔یہ سب کیا ہے؟ یہ سب کیوں ہے؟  

اس لئے کہ سونگھنے کی انتہائی تیز حِس رکھنے والے شکاریوں کو، چاہے وہ انسان ہوں یا جانور، بہت دور سے شکار کی بُو آ جاتی ہے۔ بالکل اسی طرح تحریک انصاف کے بانی عمران خان بہت پہلے بھانپ لیتے ہیں کہ کوئی معزز مہمان پاکستان آ  رہا ہے یا کوئی بڑی کانفرنس ہونے کو ہے جس میں درجنوں ممالک کے سربراہ  شرکت کریں گے۔ اِس اجتماع سے نہ صرف پاکستان کا بین الاقوامی قد کاٹھ بالا ہوگا بلکہ قومی وملکی مفادات کی بھی آبیاری ہوگی۔ سو خان صاحب کی شکاری حسّیات پوری طرح بیدار ہوجاتی ہیں، اعصاب تن جاتے ہیں، اعضا میں بجلیاں بھر جاتی ہیں اور وہ برق رفتاری کے ساتھ زقندیں بھرتے ڈی چوک کی طرف لپکتے ہیں تاکہ فتنہ وفساد کی آگ بھڑکا کر معزز مہمانانِ گرامی کو بھگا دیا جائے اور پاکستان کے سینے کا تمغہ بننے والی پیش رفت کو ماتھے کا داغ بنادیاجائے۔ پاکستان کے چہرے پر کالک تھوپنے کی اس مشقِ مذموم کو کبھی حقیقی آزادی سے تعبیر کیاجاتا ہے، کبھی انقلاب کانام دیاجاتا ہے، کبھی آئینی ترامیم کا راستہ روکنے کی جدوجہد قرار دیاجاتا ہے اور کبھی عدلیہ کی آزادی کا معرکہ بتایا جاتا ہے۔ خان صاحب 2014؁ میں اس ’’حُبّ الوطنی‘‘ کا  کامیاب تجربہ کرچکے ہیں جب وہ اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری لانے والے چینی صدر کی راہ میں دیوارِ چین بن کر کھڑے ہوگئے تھے اور دیرینہ دوست ملک  کے صدر کو یہ دورہ منسوخ کرنا پڑا تھا۔ 


ہیجان واضطراب کا جوالا مکھی اُس دِن سے لاوہ اُگل رہا ہے جس دِن قومی اسمبلی میں تحریکِ عدم اعتماد نے خان صاحب کی فصیلِ اقتدار پر دستک دی تھی۔ مسلّمہ جمہوری روایات کا تقاضا تھا کہ عمران خان ڈٹ کر مقابلہ کرتے۔ ہار جاتے تو قائدحزب اختلاف کے طورپر اپوزیشن کی قیادت کرتے اور تین چار  ووٹوں کی برتری پر قائم ’پی۔ڈی۔ایم‘ کی حکومت کو  اُڑا کے رکھ دیتے۔  اُنہیں فوری انتخابات بھی مل جاتے اور ممکنہ طورپر اچھے نتائج بھی۔  لیکن خان کی خوئے ہنگامہ جُو نے یہ راستہ پسند نہ کیا۔ کبھی سائفر سے کھیلے۔ کبھی امریکہ اورپاک فوج پر گٹھ جوڑ کا  الزام لگایا۔  نوشتۂِ تقدیر نہ ٹلا تو ڈپٹی سپیکر قاسم سوری سے ایک اخلاق باختہ رولنگ دلوا کر بچنے کی کوشش کی۔ احتیاطِ مزید کے طورپر صدر عارف علوی کو حکم دیا کہ قومی اسمبلی توڑ دو۔ وہ تیار بیٹھے تھے۔ اِس سہولت کے ساتھ قومی اسمبلی کو ایوان سے بے دخل کردیا جیسے کوئی ماہر دَندان ساز کھوکھلے دانت کو نہایت چابک دستی کے ساتھ انگشتِ شہادت کی ہلکی سی جنبش سے نکال باہرکرتا ہے۔ 

مسئلہ یہ ہے کہ خان صاحب خود بھی فریبِ پیہم کا شکار ہیں اور اپنے پیروکاروں کو بھی دھوکے میں رکھ رہے ہیں۔ وہ اس حقیقت پر ایمان لانے کے لئے تیار نہیں کہ اُنہیں پاکستان کے درجنوں دوسرے وزرائے اعظم کی طرح نہ تو محلاتی سازش سے باہر کیاگیا، نہ گورنرجنرل کے فرمان سے، نہ  (2B)  58 کے صدارتی اختیار سے، نہ نفاذِ مارشل لا سے اور نہ ’’بلاخوف ورعایت اور بلارغبت وعناد‘‘ والے قبیلۂِ عبا پوش سے۔ وہ پاکستان کی تاریخ کے واحد وزیراعظم تھے جس پر اُسی ایوان نے آئین کے آرٹیکل 95 کے تحت عدم اعتماد کر دیا جس ایوان نے اُن پر اعتماد کرتے ہوئے ان کے سَر پر وزارت عظمی کی دستارِ فضیلت سجائی تھی۔ یہ ’’اعزاز‘‘ کسی دوسرے وزیراعظم کے حصّے میں نہیں آیا۔ 1973؁ کے آئین کے بعد ذوالفقار علی بھٹو مارشل لا کا نشانہ بنے، محمد خان جونیجو  (2B)  58  کا ہدف ہوئے، محترمہ بے نظیر بھٹو دونوں بار 58 (2B) کا لقمہ بنیں۔ نوازشریف ایک بار 58 (2B) کے ذریعے نکالے گئے، ایک بار مارشل لا کی تلوار چلی اور ایک بار عبا پوشوں کے انصاف کا  شکار ہوگئے۔ سید یوسف رضاگیلانی بھی عتابِ عدل کی زد میں آگئے، ظفراللہ جمالی، چوہدری شجاعت حسین، شوکت عزیز، راجہ پرویز اشرف، شہبازشریف اور شاہد خاقان عباسی کسی پر بھی ایوان نے عدمِ اعتماد نہیں کیا۔ صرف آئی۔آئی۔ چندریگر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کا غوغا اٹھا اور وہ استعفی دے کر گھر چلے گئے۔ منصب سے ہٹانے کے لئے غیرآئینی، غیرسیاسی اور غیراخلاقی، آمرانہ  اور  ’عادلانہ‘ ہتھکنڈے دوسرے وزرائے اعظم کے خلاف استعمال ہوئے۔ ہتھکڑیاں ڈالی گئیں۔ برسوں بندی خانوں کا رزق بنا دیے گئے۔ وزیراعظم ہائوس سے ہانکتے ہوئے اِس طرح نکالے گئے کہ بندوقوں کی سنگینیں اُن کی پسلیوں میں کھُبی جارہی تھیں۔ خان صاحب کے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوا۔ عدمِ اعتماد کا  راستہ روکنے  اور  صدر علوی کی دَندان شکن کوشش کے باوجود  انہونی ہوگئی تو وہ بصد اہتمام، اپنے اثاثے سمیٹ کر، ہیلی کاپٹر میں بیٹھے اور بنی گالا چلے گئے۔ اڑھائی برس گذرجانے کے بعد بھی وہ یہ باور کرنے کے لئے تیار نہیں کہ اُن کے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوا جو دوسروں کے ساتھ ہوتا رہا، صرف آئین کے مطابق، ایوان کی اکثریت نے اُن کی قیادت پر عدمِ اعتماد کردیا۔ اب اُن کا غصہ پاکستان دشمنی میں ڈھل چکا ہے جس کی متعدد مثالوں کا حوالہ دیاجاسکتا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کو سبوتاژ کرنا بھی اسی مکروہ مہم کا حصہ ہے۔ ’’خان نہیں تو پاکستان نہیں‘‘ کا نعرہ ملک دشمنی کی آخری حدوں کو چھوتی حکمتِ کار میں ڈھل چکا ہے۔ 

کبھی مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی باہمی چپقلش، دشمنی کی انتہائی حدوں کو چھو  رہی تھی۔ لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا کہ وفاق میں محترمہ بے نظیر کی حکومت ہو  تو پنجاب مسلح جتھے لے کر وزیراعلی کی قیادت میں اسلام آباد پر چڑھائی کردے یا وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہو  اور  پیپلزپارٹی سندھ سے لشکر لے کر لاہور یا اسلام آباد پر حملہ کش ہوجائے۔ عمران خان نے یہ روایت بھی پائے رعونت تلے روند ڈالی۔ آٹھ سال پہلے، اکتوبر2016؁ میں خیبرپختون خوا کے وزیراعلی پرویز خٹک نے اسلام آباد پر حملہ کیا جو موٹر وے پر روک لیاگیا۔ 25 مئی 2022؁ کو خود عمران خان نے صوبائی وزیراعلی محمود خان کو تمام تر حکومتی وسائل کے ساتھ ہمراہ لیا اور اسلام آباد پر حملہ آور ہوئے۔ اب یہ معمول بن چکا ہے۔ آئے دِن وفاق کی ایک اکائی، اپنے انتظامی سربراہ اور تمام تر وسائل کے ساتھ وفاق پر یلغار کردیتی ہے۔ 

گنڈا پور کے تازہ حملے میں بڑی تعداد افغان باشندوں کی تھی۔  درجن سے زیادہ پولیس اہلکار بھی گرفتار ہوئے ہیں۔ پولیس، رینجرز، فوج کسی نے ہتھیار استعمال کئے نہ انتشاری ٹولے کو ریاستی ردّعمل کی زد میں رکھا۔ فسادیوں نے اسلام آباد پولیس کانسٹیبل، عبدالحمید شاہ پر تشدد کرکے شہید کردیا۔ ستر سے زائد اہلکار زخمی ہوئے۔ کیا کوئی سیاسی جماعت ایسے کرتی ہے؟ کیا یہ سب کچھ کرنے والے فسادی جتھے، سیاسی جماعت کہلاسکتے ہیں؟ جانے یہ عفریت کیا چاہتا ہے۔ 9 مئی کی غارت گری سے بھی اِس کا دِل نہیں بھرا۔ کیا برادر عزیز احسن اقبال کے بقول ہمیں اس فتنے کو کچلنے کے لئے وہی کچھ کرنا ہوگا جو ترکی کے طیب اردوان نے فتح اللہ گولن سے کیا تھا؟ 

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔