اسلام آ باد(آئی پی ایس )وفاقی حکومت نے رائٹ سائزنگ اقدامات کے تحت مزید سرکاری ادارے بند کرنے کی تجاویز تیار کرلیں۔وزارت صنعت وپیداوار کیادارے کراچی ٹولز ڈائز اینڈ مولڈز سنٹر اور نیشنل پروڈیکٹوٹی آرگنائزیشن سمیت دیگر اداروں کو بند کرنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کاحجم اوراخراجات کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر کام ہو رہا ہے جس میں اداروں کو بند کرنا، نجکاری اور ضم کرنے سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت صنعت وپیداوار کے ادارے کراچی ٹولز ڈائز اینڈ مولڈز سنٹر اورنیشنل پروڈیکٹوٹی آرگنائزیشن بند کرنیکی تجویز ہے، اسی طرح پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سنٹر اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اینڈ سکل ڈیولپمنٹ کمپنی کو بھی بند کرنے کی تجاویز تیار کی گئی ہیں جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی نجکاری کرنے یا اسیختم کرنے دونوں آپشنز زیر غور ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن اور نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ کو بند کرنے کیلیے بھی وزارت صنعت وپیداوار کو ٹاسک دیا ہوا ہے، یہ تجا ویز وزیر اعظم کو پیش کی جائیں گی اور وزیر اعظم کی منظوری کے بعد وفاقی کا بینہ ان تجاویز کی منظوری دے گی۔ یاد رہے کہ وزیر خزانہ کی سر براہی میں رائٹ سائزنگ کمیٹی حکومت کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد انتظامی ڈھانچے کا حجم کرنا ہے۔