Wednesday, January 15, 2025
ہومکھیلایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی: پاکستان کو شکست دیکر چین فائنل میں پہنچ گیا

ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی: پاکستان کو شکست دیکر چین فائنل میں پہنچ گیا

بیجنگ: ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں میزبان چین نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق چین کے شہر ہولنبئیر کے موقی ٹریننگ بیس میں جاری ایشیئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پاکستان اور چین کی ٹیموں آمنے سامنے آئیں اور کانٹے دار مقابلے میں چین نے پاکستان کو شکست سے دوچار کردیا۔

کھیل کے دوسرے ہی کوارٹر میں چین کی جانب سے لو یوانلن نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری حاصل کرلی تھی مگر اگلے ہی کوارٹر میں پاکستان کے احمد ندیم نے مقابلہ برابر کردیا۔ مقابلہ آخر تک برابر رہا جس کے بعد فیصلہ پینالٹی شوٹ آؤٹس میں ہوا جس میں چین بازی لے گیا۔

بدقسمتی سے پاکستانی کھلاڑی شوٹ آؤٹس میں کوئی بھی گول نہیں کرسکے جبکہ چین 2 گول کرنے میں کامیاب رہا۔

اگر میچ کی بات کریں تو قومی ٹیم نے دفاعی کھیل کھیلا بلکہ گول کرنے کے کئی اہم مواقع بھی ضائع کردیے یوں چین کو میچ جیتنے کا موقع میسر آگیا۔

اس سے قبل راؤنڈ میچ میں بھی پاکستان نے چین کو 1-5 سے شکست دی تھی اور یہ اہم ترین کامیابی سیمی فائنل میں رسائی کے لیے کارآمد ثابت ہوئی تھی۔

اب قومی ٹیم کو ایونٹ کی تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے کھیلنا ہوگا اور یہ مقابلہ 17 ستمبر کو ایک بجے کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کا فائنل 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا اور چین کا مقابلہ فائنل میں کس سے ہوگا اس کا فیصلہ کچھ ہی گھنٹوں میں ہوجائے گا۔

خیال رہے کہ ایشن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی تھی جو گرین شرٹس کی ٹورنامنٹ میں پہلی ناکامی تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔