Tuesday, September 17, 2024
ہومدنیامغربی کنارے اور اردن کراسنگ پر 3 اسرائیلی ہلاک، سرحد بند کردی گئی

مغربی کنارے اور اردن کراسنگ پر 3 اسرائیلی ہلاک، سرحد بند کردی گئی

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اردن اور مقبوضہ مغربی کنارے کے درمیان سرحدی مقام پر 3 اسرائیلی شہریوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے، اسرائیلی ڈیفینس فورسز نے مبینہ طور پر حملہ آور اردنی باشندے کو جوابی فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق بندوق بردار حملہ آور جس کی شناخت اسرائیلی فوج نے اردنی شہری مہر جازی کے نام سے کی ہے، جو ایک ٹرک میں سوار اردن کی جانب سے ایلن بی برج کراسنگ کے قریب پہنچا اور باہر نکل کر فائرنگ کردی، اس موقع پر اسرائیلی سیکیورٹی اہلکاروں نے بندوق بردار کو ہلاک کر دیا۔

اردن کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے، جو اسرائیل کے زیر کنٹرول علاقے میں ہوا جہاں اردنی گاڑیاں مغربی کنارے میں داخل ہونے والے سامان کو اتارتی ہیں۔ سرحد کو اب دونوں اطراف سے بند کر دیا گیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک شدگان میں 61 سالہ یوہانان شوری، 65 سالہ یوری برنبام اور ایڈریان مارسیلو پوڈزمکزر شامل ہیں، تینوں افراد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سرحدی چوکی پر کام کرنے والے سویلین تھے۔

اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے کان نیوز نے اطلاع دی ہے کہ 39 سالہ حملہ آور مہر جازی ٹرک ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا، ویڈیو فوٹیج میں حملہ آور کو ٹرمینل کی طرف چلتے ہوئے اور مارے جانے سے قبل اپنے ہتھیار سے تین بار فائرنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اردن کے ایک سرحدی اہلکار کے مطابق کم از کم دو درجن اردنی ٹرک ڈرائیوروں کو آف لوڈنگ کے علاقے میں اسرائیلی فوج نے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ہے، اسرائیل ایئرپورٹس اتھارٹی نے کہا کہ واقعے کے بعد اردن کے ساتھ اسرائیل کی تمام زمینی گزرگاہیں بند کر دی گئی ہیں۔

ایلن بی برج کراسنگ، جسے کنگ حسین برج بھی کہا جاتا ہے، عمان اور یروشلم کے درمیان تقریباً آدھے راستے پر واقع ہے اور یہ مغربی کنارے اور اردن کے درمیان واحد سرکاری کراسنگ پوائنٹ ہے، یہ مغربی کنارے کا واحد داخلی راستہ بھی ہے جو اسرائیل سے نہیں گزرتا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔