Wednesday, January 15, 2025
ہومکامرسپاکستان کسی صورت آئی ایم ایف پروگرام سے باہر رہنے کا متحمل نہیں ہو سکتا،عاطف اکرام

پاکستان کسی صورت آئی ایم ایف پروگرام سے باہر رہنے کا متحمل نہیں ہو سکتا،عاطف اکرام


اسلام آباد (سب نیوز )صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی )عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کسی صورت آئی ایم ایف پروگرام سے باہر رہنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، قرض پروگرام کے حصول میں تاخیر جاری رہی تو پاکستان کیلئے مشکلات بڑھ سکتی ہیں،بجلی بلوں میں کمی کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت آئی ایم ایف سے بات چیت کی جائے۔

بدھ کوآئی ایم ایف قرض پروگرام کی منظوری میں تاخیرپر ردعمل دیتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر سے پاکستان کی معیشت پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں،پاکستان کسی صورت آئی ایم ایف پروگرام سے باہر رہنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، حکومت دوست ممالک سے فنانسنگ کی یقین دہانیوں حاصل کرنے کیلئے اقدامات کرے ،قرض پروگرام کے حصول میں تاخیر جاری رہی تو پاکستان کیلئے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ بجلی بلوں میں کمی کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت آئی ایم ایف سے بات چیت کی جائے ، تمام صارفین کیلئے بجلی نرخوں کو25روپے فی یونٹ سے کم پر لایا جانا چاہئے ،بجلی پیدا نہ کرنے والے آئی پی پیز کو ٹیکس، کیپیسٹی پیمنٹس کی ادائیگی بند کی جائے۔ عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ حکومت کو معیشت کے ہرشعبے کیلئے 10سے 15سالہ اقتصادی روڈ میپ تیار کرنا چاہئے ، حکومت برآمدات میں اضافہ کے ذریعے اقتصادی استحکام حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کرے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔