بغداد (آئی پی ایس )عراق میں بغداد ایئر پورٹ پر 50 سے زائد پاکستانی زائرین کے پاسپورٹ ائر پورٹ امیگریشن انتظامیہ سے گم ہو گئے، اربعین کے موقع پر عراق جانیوالے پاکستانی زائرین کو وطن واپسی پر مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستانی زائرین کا کہنا ہے کہ صبح 4 بجے سے بغداد ائر پورٹ پر موجود ہیں، پرواز صبح 9 بجے ہمیں بغداد میں چھوڑ کر اسلام آباد روانہ ہوگئی۔بغداد میں پھنسے زائرین نے مزید بتایا کہ ہمارے پاسپورٹ انتظامیہ کو نہیں مل رہے، نہیں بتایا جا رہا کہ اب ہم وطن کب اور کیسے واپس جائیں گے۔پاکستانی زائرین نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے مدد کی اپیل کی ہے۔زائرین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی طور پر خصوصی پرواز سے پاکستانیوں کی فوری واپسی کو یقینی بنایا جائے۔