پشاور(سب نیوز )خیبر پختونخوا حکومت نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے 9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کے حوالے سے دوبارہ ہائیکورٹ کو خط نہ لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، صوبائی حکومت نے خود انکوائری کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس فیصلے کی حتمی منظوری وزیر اعلی علی امین گنڈاپور سے لی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق صوبائی وزیرِ قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات کی تحقیقات کرانے کے لئے ججز کی شرط ضروری نہیں، عدلیہ نے معذرت کرلی تو ہم خود انکوائری کمیشن قائم کرلیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ججز سے 9 مئی واقعات کی تحقیقات اس لئے چاہتے تھے کیونکہ عدلیہ پر پورا اعتماد ہے۔