Wednesday, September 18, 2024
ہومبریکنگ نیوزسعودی عرب دنیا کے 10 طاقتور ترین ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا

سعودی عرب دنیا کے 10 طاقتور ترین ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا

جدہ (سب نیوز )سعودی عرب دنیا کی 10 طاقتور ترین ریاستوں میں شامل ہوگیا۔ اس کے ساتھ متحدہ عرب امارات بھی موجود ہے۔ فوربز نے دنیا کے 10 طاقتور ترین ممالک کی فہرست جاری کردی، جس میں پہلا نمبر امریکا کا ہے۔ اس فہرست میں پہلی مرتبہ سعودی عرب بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے جس کو 9واں نمبر دیا گیا ہے۔

چین کو دنیا کی دوسری طاقتور ترین ریاست قرار دیا گیا ہے جبکہ روس کا تیسرا نمبر ہے۔ اسی طرح جرمنی چوتھے، برطانیہ پانچویں، جنوبی کوریا چھٹے، فرانس ساتویں، جاپان آٹھویں اور متحدہ عرب امارات 10ویں نمبر پر ہے۔ ان ممالک کی درجہ بندی معاشی و سیاسی اثر و رسوخ، مضبوط بین الاقوامی اتحاد اور مضبوط دفاعی صلاحیتوں کے اعتبار سے کی گئی ہے۔

سعودی عرب کی طاقت کی بنیاد اس کی معیشت، تیل کی پیداوار اور خلیجی خطے میں اس کا جغرافیائی و سیاسی اثر و رسوخ ہے۔سعودی عرب کا شمار دنیا کے بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے جس کے باعث عالمی منڈی میں اس کا ایک اہم مقام ہے۔

اس کے علاوہ سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں اپنے عسکری اخراجات میں بھی اضافہ کیا ہے، جس سے اس کی دفاعی صلاحیت مزید مستحکم ہوئی ہے۔سعودی عرب نہ صرف اقتصادی میدان میں بلکہ بین الاقوامی تعلقات میں بھی ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ ملک خلیجی تعاون کونسل (GCC) کا ایک فعال رکن ہے اور اس نے کئی بین الاقوامی معاملات میں ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔فوربز کی رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں سماجی اور اقتصادی اصلاحات کے تحت کئی اہم اقدامات کیے ہیں، جن میں خواتین کے حقوق میں بہتری بھی شامل ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔