ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر کے تمام نیشنل اور انٹرنیشنل ایوارڈز رکھنے کی خاص جگہ کے بارے میں بتا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ایوارڈ شوز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایوارڈ شوز سے بہت محبت ہے اور مجھے ہر ایوارڈ شو میں شرکت کرنا پسند ہے۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ یہ سُن کر مداح دنگ رہ جائیں گے کہ میرے گھر میں ‘ایوارڈز’ رکھنے کے لیے کوئی ‘ٹرافی کیبینٹ’ نہیں بلکہ ایک لائبریری ہے اور میں نے اسے انگلش لائبریری کی طرز پر ڈیزائن کروایا ہے۔
بالی وڈ کنگ نے کہا کہ میں نے اپنی اس انگلش لائبریری میں اپنے تمام نیشنل اور انٹرنیشنل ایوارڈز رکھے ہوئے ہیں، میری اس لائبریری میں میرے 300 سے زائد ایوارڈز موجود ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میرا 9 منزلہ دفتر ہے اور دفتر کی ہر منزل پر میرے کچھ ایوارڈز سجائے گئے ہیں، جنہیں دیکھ کر مجھے دلی سکون ملتا ہے کیونکہ یہ ایوارڈز بھارتی سینما کے لیے میری خدمات کو یاد دلاتے ہیں۔
شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ مجھے ایوارڈز جیتنے پر بہت خوشی ہوتی ہے اور میں ایوارڈز کے معاملے میں تھوڑا بےشرم بھی ہوں، خاص طور پر انٹرنیشنل ایوارڈز کے لیے، جنہیں وصول کرنے کے لیے میں اپنے مصروف شیڈول کی پرواہ بھی نہیں کرتا۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان اب تک 100 سے زائد فلموں میں کام کرچکے ہیں، اُنہوں نے اپنی جانداری اداکاری سے جہاں دُنیا بھر میں مداحوں کے دل جیتے تو وہیں کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔
شاہ رخ خان اپنے کامیاب فلمی کیریئر کے دوران، اب تک 300 سے زائد ایوارڈز جیت چکے ہیں جن میں 14 فلم فیئر ایوارڈز بھی شامل ہیں۔