Monday, September 16, 2024
ہومبریکنگ نیوزسعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے : وزیراعظم

سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے : وزیراعظم

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی ملاقات
ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے،دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود نے آج وزیراعظم ہاس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ملاقات میں دو طرفہ امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔وزیراعظم نے یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت پر سعودی وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے پاکستان کے سب سے بڑے سول ایوارڈ نشان پاکستان ملنے پر سعودی وزیر دفاع کو مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین عزت مآب سلمان بن عبدالعزیز آل سعود ، سعودی ولی عہد اور وزیراعظم عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے سعودی وزیر دفاع سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافت پر منی دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو کہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بطور وزیراعظم ان کے پچھلے دور سعودی عرب نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے لئے کلیدی کردار ادا کیا جس کو پاکستان میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ وزیر اعظم کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے دلوں میں سعودی شاہی خاندان کے لئے ایک خاص مقام ہے۔ سعودی وزیر دفاع نے وزیر اعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے کا پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج کی اس پریڈ میں انہیں پاکستان کی افواج کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا اور مفیدثابتہوا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔