اسلام آباد:پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے نگران وزیراعظم سے متعلق ردعمل کا اظہار کیا ہے۔حافظ حمداللہ کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن نے اسمبلیوں کو توڑنے اور نگران وزیراعظم کی نامزدگی کیلیے مشاورتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے نگران وزیر اعظم کیلئے اسحاق ڈار کے نام پر مسلم لیگ فیصلہ کرچکی ہو، اسحاق ڈارکے حوالے سے پی ڈی ایم اور حکمران اتحاد کے پلیٹ فارم سے باقاعدہ فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ مشاورت سے ہوگا اور ایک پارٹی فیصلہ نہیں کر سکتی۔ حافظ حمد اللہ کا کہنا تھاکہ اس بار شوکت عزیز، حفیظ شیخ، معین قریشی، رضا باقر جیسے امپورٹڈ افراد نگران وزیراعظم نہیں ہونگے، چند دنوں میں مشاورت ہوگی اور فیصلہ سامنے آئیگا کوئی جلدی نہیں۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے موجودہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔