Monday, December 16, 2024
ہومبریکنگ نیوزدو ہفتوں کے دوران قابض فوج نے 10 کشمیریوں کو شہید کر دیا

دو ہفتوں کے دوران قابض فوج نے 10 کشمیریوں کو شہید کر دیا

سری نگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی فورسز نے نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے بہانے ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھاہواہے۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں نے مقبوضہ علاقے کے مختلف اضلاع میں دو ہفتوں کے دوران 10 کشمیریوں کو شہید اور حریت کارکنوں سمیت ایک سو سے زائد افراد کو گرفتار کیا۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجی روزانہ کی بنیاد پر انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیاں کررہے ہیں۔ مودی کو معلوم ہونا چاہیے کہ بھارت کا ظلم و جبر کشمیریوں کو کسی صورت زیر نہیں کر سکے گا۔ عالمی تاریخ گواہ ہے کہ آزادی کی تحریکوں کو ظلم وجبر سے کبھی دبایا نہیں جا سکتا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگوں نے بھارتی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور وہ حق خود ارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں قتل وغارت اور گرفتاریوں کا سہارا لے کر حق خودارادیت کے مطالبے کے لئے کشمیریوں کے عزم کو توڑ نہیں سکتا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام بی جے پی حکومت کے 5اگست 2019کے ذلت آمیز، غیر قانونی، غیر آئینی، غیر جمہوری اقدامات کو کبھی نہیں بھولیں گے۔رپورٹ میں عالمی برادری سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانیت کے خلاف جرائم پر نریندر مودی اور ان کے حواریوں کامحاسبہ کرے ۔ بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے اور کشمیری آزادی حاصل کرکے رہیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔