اسلام آباد (سب نیوز )بول میڈیا گروپ نے رپورٹر طیب بلوچ کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے ان کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا ہے۔ پیر کو رپورٹر طیب بلوچ نے سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت میں سماعت کے آغاز سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے سوال نما تبصرہ کیا تھا۔ طیب بلوچ نے عمران خان سے کہا تھا کہ کیا ان کو کبھی شرمندگی محسوس ہوئی یا وہ ڈھیٹ ہیں؟
طیب بلوچ گزشتہ چند برس سے بول نیوز سے منسلک ہیں۔ وہ گزشتہ دس برس سے مختلف نیوز چینلز کے لیے سپریم کورٹ کی رپورٹنگ کرتے ہیں۔ بول نیوز نے پیر کو پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس پر انکوائری بھی بٹھا دی گئی ہے۔ طیب بلوچ کے عمران خان سے سوال نما تبصرے پر سپریم کورٹ کی رپورٹنگ کرنے والے متعدد سینیئر نمائندوں نے افسوس کا اظہار کیا تھا۔