Wednesday, November 13, 2024
ہومپاکستانشیخ رشید احمدکی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

شیخ رشید احمدکی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری پرعمران خان کے قتل کی مبینہ منصوبہ بندی کا الزام لگانے سے متعلق کیس میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے آصف زرداری پرعمران خان کے قتل کی مبینہ منصوبہ بندی کا الزام لگانے سے متعلق کیس میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید نے بیان دیا کہ انہوں نے عمران خان سے یہ معلومات لیں ، شیخ رشید سے آصف زرداری کے خلاف عمران خان کے قتل کی مبینہ سازش کے شواہد نہیں ملے، شیخ رشید کی بیان کی تفصیلات پیمرا سے حاصل کی گئیں۔
ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر جدون نے موقف اختیار کیا کہ جو حکومت میں ہیں وہ کل اپوزیشن میں ہوں گے، شیخ رشید نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور بلاول بھٹو زرداری کو ننگی گالیاں دیں، شیخ رشید ایک سینیئر سیاست دان ہیں، ان کی گفتگو پارلیمانی ہونی چاہیے ، اگر تو یہ جرم نہیں دہراتے اور بیان حلفی دیتے ہیں توعدالت دیکھ لے۔
ایک موقع پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سب ایک ہی قسم کی گفتگو کرتے ہیں ، سب پارلیمانی ہے، ہمیں پرائمری اسکول کے نصاب سے ہی تربیت شروع کرنی پڑے گی۔
شیخ رشید احمد کے وکیل سلمان اکرم راجانے عدالت کے روبرو اپنے دلائل میں کہا کہ یہ کیس ہی نہیں ہے جو ایڈووکیٹ جنرل بیان کررہے ہیں، شواہد میں ایسا کچھ نہیں ہے کہ بیان سے پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے درمیان کوئی تصادم ہوا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔