Saturday, July 27, 2024
ہومتازہ ترینبرطانوی ماہر قانون کریم خان بین الاقوامی فوجداری عدالت کے نئے مستغیث اعلی منتخب

برطانوی ماہر قانون کریم خان بین الاقوامی فوجداری عدالت کے نئے مستغیث اعلی منتخب

لندن،برطانوی ماہر قانون کریم خان کو بین الاقوامی فوجداری عدالت کا نیا مستغیث اعلی منتخب کر لیا گیا ہے۔ وہ فاتو بنسودا کی جگہ لیں گے، جن پر امریکا نے گزشتہ برس پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ بین الاقوامی فوجداری عدالت کے اراکین نے گزشتہ روزانسانی حقوق کے لیے سرگرم معروف برطانوی وکیل کریم خان کو اس عدالت کا نیا چیف پراسیکیوٹر منتخب کیا اور وہ اگلے نو برس کے لیے اپنا یہ عہدہ 16 جون کو سنبھالیں گے۔پچاس سالہ بیرسٹر کریم خان دہشت گرد تنظیم داعش کے جرائم سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی تفتیش کار کے طور اپنے کام کے لیے معروف ہیں۔ انہوں نے داعش کے شدت پسندوں کے خلاف اسی طرح چھان بین کا کام کیا، جیسے ماضی میں جرمن شہر نیورمبرگ میں نازی جنگی مجرموں کے خلاف مقدمات کے سلسلے میں اس وقت کے ماہرین نے تفتیش کی تھی۔کریم خان برطانوی ملکہ کے وکلا میں سے ایک ہیں اور اپنے 27 سالہ کیریئر کے دوران وہ بین الاقوامی جرائم سے متعلق کئی عدالتوں میں بطور وکیل استغاثہ یا پھر وکیل صفائی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے لیبیا کے سابق ڈکٹیٹر معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام کے کیس میں بھی پیروی کی تھی۔بین الاقوامی فوجداری عدالت یا آئی سی سی کی موجودہ خاتون مستغیث اعلی فاتو بنسودا کے جانشین کے طور پر انتخاب کے لیے کریم خان کے علاوہ تین دیگر قانونی ماہرین بھی امیدوار تھے۔ فاتو بنسودا چونکہ امریکا کے خلاف اس کے مبینہ جنگی جرائم سے متعلق الزامات کی تفتیش کر رہی تھیں، اس لیے ٹرمپ انتظامیہ نے ان پر کئی طرح کی پابندیاں لگا دی تھیں۔کریم خان کے لیے اپنا نیا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کی سب سے اہم ذمہ داریوں میں افغانستان میں ہونے والے جنگی جرائم اور سن 2014 میں غزہ پٹی کے علاقے میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان لڑائی کے دوران جنگی جرائم کی تفتیش کرنا بھی شامل ہو گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔