Saturday, July 27, 2024
ہومتازہ ترینبھارت کا افغانستان میں ڈیم بنانے کا اعلان

بھارت کا افغانستان میں ڈیم بنانے کا اعلان

ممبئی،بھارت نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ڈیم بنانے کا اعلان کیا ہے جس پر 20 کروڑ 36 لاکھ ڈالر کی لاگت آئے گی۔عرب نیوز میڈیا کے مطابق شہتوت نامی ڈیم کی تعمیر سے کابل کے 20 لاکھ سے زائد شہریوں کو صاف پانی پینے کی سہولت میسر ہو سکے گی، اور ملک بھر میں آبپاشی کے نظام میں بہتری آئے گی۔ماہرین کے خیال میں یہ نیا منصوبہ بھارت کے افغانستان میں بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی علامت ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے رابطے کے دوران ڈیم کی تعمیر کا معاملہ بھی زیر بحث آیا تھا۔افغانستان کے صدارتی محل میں دونوں ممالک کے نمائندوں نے ڈیم کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کیے۔گذشتہ سال نومبر میں بھارت نے افغانستان کے لیے کئی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا تھا جن میں شہتوت ڈیم کی تعمیر بھی شامل ہے۔بھارت کا افغانستان میں 8کروڑ ڈالر کی لاگت کے 150 کمیونٹی پراجکٹس بھی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ویڈیو لنک اجلاس کے دوران صدر اشرف غنی نے بھارت کے افغانستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ اشرف غنی نے کہا کہ وسطی ایشیا کے لیے افغانستان کا پر امن ضروری ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی صدر اشرف غنی کو یقین دہانی کروائی کہ انڈیا تمام افغان قوم کے ساتھ کھڑا ہے۔مودی نے کہا کہ کوئی بیرونی طاقت انڈیا اور افغانستان کے دوستانہ تعلقات میں رکاوٹ نہیں بن سکتی اور نہ افغانستان کی ترقی پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔شہتوت ڈیم دریائے کابل پر تعمیر کیا جائے گا جس کی تکمیل میں چھ سال کا عرصہ لگے گا۔افغانستان کے واٹر مینجمینٹ محکمے کے ترجمان نے عرب نیوز کو بتایا کہ ڈیم میں دس لاکھ 46 ہزار کیوبک میٹر پانی ذخیرہ کرنے کی سہولت ہوگی جس سے ملک میں پانی کا بحران کچھ حد تک کم ہو سکے گا۔ترجمان نے کہا کہ کابل شہر کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور 70 فیصد آبادی کو نلکے کے پانی تک رسائی حاصل نہیں ہے۔اس سے قبل بھارت نے افغانستان میں دو ارب ڈالر کی لاگت کے کئی ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں جن میں پارلیمان کی عمارت اور ایران کے ساتھ سرحد پر ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کی تعمیر شامل ہے۔ اس کے علاوہ بھی بھارت افغانستان میں کئی تعمیراتی منصوبے مکمل کر چکا ہے۔ماہرین کے خیال میں بھارت اپنے طویل مدتی اہداف کے حصول کے لیے افغانستان میں دلچسپی لے رہا ہے اور اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔