بیجنگ: چین نے سرکاری طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے گروپ 20 اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کو انٹرنیشنل پریس سنٹر (آئی پی سی) میں منعقدہ اپنی باقاعدہ پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین متنازعہ علاقوں میں گروپ20 اجلاسوں کی کسی بھی شکل کے انعقاد کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور وہ اس طرح کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ بھارتی اخبار نے گزشتہ روز اپنی ایک رپورٹ میں امکان ظاہر کیا تھا کہ چین اور ترکیہ سرینگر میں منعقدہ ہونے والے گروپ20اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت 22تا24 مئی مقبوضہ جموںوکشمیر کے گرمائی دارلحکومت سرینگر میں گروپ20اجلاس کا انعقاد کر رہی ہے۔ مودی حکومت کی طرف سے عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطے جموں وکشمیر میں گروپ 20اجلاس کے انعقاد کا یہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔