Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانایف اے ٹی ایف کاپاکستان کو جون تک گرے لسٹ میں ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ

ایف اے ٹی ایف کاپاکستان کو جون تک گرے لسٹ میں ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ

پیرس ، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)نے پاکستان کو رواں سال جون تک گرے لسٹ میں ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کوبقیہ 3نکات پر عمل کرنے کیلئے4 ماہ کی مہلت دی ہے،پاکستان نے27 میں سے 24 نکات پر عمل درآمد کرلیا ہے، جون تک پاکستان تمام 27 نکات پر عمل درآمد کرے۔

تفصیلات کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)نے 4 روزہ پلانری اجلاس کی تکمیل پر اعلان کیا ہے کہ پاکستان بد ستور ان کی گرے لسٹ پر موجود رہے گا۔عالمی واچ ڈاگ کے صدر نے ایف اے ٹی ایف اجلاس کے فیصلوں کا اعلان ایک نیوز بریفنگ کے دوران کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی تجاویز پر عمل درآمد کیا ہے تاہم کچھ چیزیں مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے ٹیررازم فنانسنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں اور بہت سی خامیاں بھی دور کی ہیں، فیٹف نے ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان کے سیاسی عزم کو بھی سراہا ہے۔اعلامیے کے مطابق پاکستان نے گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے ایف اے ٹی ایف کے 27 میں سے 24 نکات پر عمل درآمد کیا، پاکستان کی جانب سے ایکشن پلان پر عمل درآمد کے جواب میں فیٹف نے اس عمل کو سراہا ہے اور گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے مزید چار ماہ کی مہلت دے دی ہے۔خیال رہے کہ اکتوبر 2020 میں ہونے والے گزشتہ پلانری اجلاس میں ایف اے ٹی ایف نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کیلئے مالی معاونت کی روک تھام کے 27 نکاتی ایکشن پلان کے بقیہ 6 اہداف کے لیے فروری 2021 تک گرے لسٹ میں رہے گا۔آخری مرتبہ کے جائزے میں بھی پاکستان کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے دہشت گرد قرار دی گئی تنظیموں اور کالعدم افراد کو سزا دینے، منشیات اور جواہرات کی اسمگلنگ کو روکنے کے خلاف کارروائیوں کی کارکردگی میں خامیاں تھیں۔4 چیزوں کے معاملات میں پاکستان کی پیش رفت عدم تعمیل، 25 معاملات پر خصوصی عملدرآمد اور 9 سفارشات پر بڑی حد تک عملدرآمد کی ہے۔تاہم پلانری اجلاس میں پاکستان کا جائزہ 40 سفارشات پر نہیں بلکہ 27 نکاتی ایکشن پلان کی بنیاد پر لیے جانے کی توقع تھی۔یاد رہے کہ دہشت گردی کے لیے مالی معاونت روکنے اور انسداد منی لانڈرنگ رجیم میں خامیوں کے باعث پاکستان جون 2018 سے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔