Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانسینیٹ انتخابات میں خفیہ رائے شماری کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ زبردست ہے، سینیٹر فیصل جاوید

سینیٹ انتخابات میں خفیہ رائے شماری کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ زبردست ہے، سینیٹر فیصل جاوید

اسلام آباد،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ زبردست ہے، شفافیت کے لیے زبردست فیصلہ ہے اور پاکستان کی جیت ہے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ معزز عدالت نے مختصر رائے دے دی ہے، تفصیلی فیصلہ بھی جلد آجائے گا، آئین کے اندر سینیٹ انتخابات کا طریقہ کار نہیں دیا گیا، عدالت سے آرٹیکل 226 کی تشریح مانگی تھی۔انہوںنے کہا ہے کہ آج سے پہلے سینیٹ الیکشن پر اتنی تفصیلی گفتگو نہیں ہوئی، پہلے کروڑوں روپے خرچ کرکے ووٹ خریدے جاتے تھے، ماضی میں سینیٹ کے الیکشن میں پیسہ چلتا رہا، اپوزیشن ضمیر کا سودا کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوئی حتمی چیز نہیں، یہ تاقیامت سیکرٹ نہیں رہ سکتی، اٹارنی جنرل اور ان کی ٹیم نے زبردست دلائل دیئے۔فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان شفافیت چاہتے ہیں، اپوزیشن دو نمبری چاہتی ہے، عمران خان سینیٹ کے انتخابات میں کرپشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے پیسے لینے پر اپنے 20 ایم پی ایز کو فارغ کیا، آئین کہتا ہے انتخاب شفاف صاف ہوں، آئین سازی پارلیمنٹ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ایم پی اے بہت زبردست ہیں، اپوزیشن کے چہرے پر بوکھلاہٹ ہے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ خفیہ رائے شماری تا قیامت نہیں ہے، پارٹیوں کی تناسب کے حساب سے نمائندگی ہوگی۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے سنا دی ، سپریم کورٹ کی جانب سے کہا گیا کہ سینٹ الیکشن آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت ہونگے، اور الیکشن کیلئے خفیہ ووٹنگ ہوگی۔ سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ ووٹ ہمیشہ خفیہ نہیں رہ سکتا، الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کیلئے تمام اقدامات کر سکتا ہے، انتخابی عمل سے کرپشن ختم کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، تمام ادارے الیکشن کمیشن کیساتھ تعاون کے پابند ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔