Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانضمنی انتخابات، ن لیگ کو برتری، پرویز الٰہی کو بھتیجے سے شکست

ضمنی انتخابات، ن لیگ کو برتری، پرویز الٰہی کو بھتیجے سے شکست

اسلام آباد /لاہور/کراچی (آئی پی ایس )ملک کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21حلقوں میں ضمنی انتخابات کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کو برتری حاصل ہے ۔

اب تک موصول غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ ایک قومی اور آٹھ صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں آگے ہے، جبکہ سنی اتحاد کونسل قومی کی ایک اور صوبائی کی دو نشستوں میں آگے ہے۔اسی طرح آئی پی پی پنجاب کی ایک صوبائی نشست میں آگے ہے، پیپلز پارٹی قومی کی ایک اور پنجاب اسمبلی کی بھی ایک نشست پر آگے ہے۔بی این پی بلوچستان کی ایک صوبائی نشست پر آگے ہے، جبکہ آزاد امیدوار قومی اسمبلی کی ایک اور دو صوبائی نشستوں پر آگے ہیں۔قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوا ان میں پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کا ایک حلقہ شامل ہے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوا جس میں پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔

حلقہ این اے 132 قصور میں 43 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے ملک رشید احمد خان 23ہزار668 ووٹ لے کر آگے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر 11ہزار475 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔لاہور کے ایک قومی اور 4 صوبائی حلقوں میں بھی ضمنی انتخابات کا دنگل سجا۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی خالی کردہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 119 پر ضمنی الیکشن میں کل 9 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں مسلم لیگ ن کے علی پرویز ملک اور سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق سمیت مزید 7 امیدوار میدان میں ہیں۔لاہور کے حلقہ این اے 119 میں مسلم لیگ ن کے علی پرویز ملک اور سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔لاہور کے 4 صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں سے پی پی 147 سے کل 11 امیدوار مدمقابل ہیں، حمزہ شہباز کی خالی کردہ صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر مسلم لیگ ن کے ملک ریاض، سنی اتحاد کونسل کے محمد خان مدنی اور 9 دیگر امیدواروں نے الیکشن میں حصہ لیا۔پی پی 147 میں کل ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 847 ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ ایک ہزار 680 اور خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار 167 ہے۔لاہور کے حلقہ پی پی 149 کے 55 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق آئی پی پی کے شعیب صدیقی 8938 ووٹ لے کر آگے جبکہ سنی اتحاد کے ذیشان حیدر 6162 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

لاہور کے حلقہ پی پی 149میں علیم خان کی چھوڑی گئی نشست پر کل 14 امیدوار میدان میں ہیں، اس حلقے سے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار شعیب صدیقی اور سنی اتحاد کونسل سے ذیشان رشید جبکہ 12 مزید امیدوار میدان میں ہیں۔پی پی 149 میں کل ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 45 ہزار 448 ہے جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار 879 اور خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 64 ہزار 569 ہے۔اس حلقے میں کل 218 پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں، مردوں کے لیے 64 جبکہ خواتین کے لیے 64 اور مشترکہ 90 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، کل 645 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، مردوں کے لیے 342 جبکہ خواتین کے لیے 303 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے۔لاہور کے حلقہ پی پی 158 کے دو پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق سنی اتحاد کے مونس الہی 695 ووٹ لے کر آگے جبکہ ن لیگ کے چوہدری نواز 93 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔صادق آباد کے حلقہ پی پی 266 کے 15 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے ممتاز چانگ 5561 ووٹ لے کر آگے جبکہ ن لیگ کے صفدر لغاری 3330 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

وزیرآباد کے حلقہ پی پی 36 میں 15 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم لیگ ن کے عدنان افضل چٹھہ 5ہزار123 ووٹ لیکر آگے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے محمد فیاض چٹھہ 4 ہزار801 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔گجرات کے صوبائی حلقہ پی پی 32 سے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ق کے امیدوار موسی الہی نے میدان مار لیا۔موسی الہی نے 63 ہزار 536 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے پرویزالہی 18 ہزار 237 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔مسلم لیگ ن نے ڈیرہ غازی خان کے صوبائی حلقہ پی پی 290 سے بھی میدان مار لیا ہے۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 290 سے مسلم لیگ ن کے علی احمد خان نے محی الدین کھوسہ کے خلاف کامیابی سمیٹ لی۔ سردار علی احمد خان 74560 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ آزاد امیدوار محی الدین کھوسہ 26310 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

تلہ گنگ کے حلقہ پی پی 22 کے 77 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے ملک فلک شیر اعوان 22409 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر جبکہ سنی اتحاد کونسل کے حکیم نثار 19654 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 139 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے رانا افضال حسین 46585 ووٹ لے کر جیت چکے ہیں جبکہ سنی اتحاد کے اعجاز حسین بھٹی 29833 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔حلقہ این اے 8 باجوڑ کے 15 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار مبارک زیب خان3268 ووٹ لے کر آگے جب کہ سنی اتحاد کونسل کے گل ظفر 1693 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔حلقہ این اے 44 ڈی آئی خان کے 40 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے امیدوار فیصل امین کنڈی 3598 ووٹ لے کر آگے جبکہ پیپلز پارٹی کے رشید کنڈی 2987 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔پی کے 91 کوہاٹ کے 45 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی وغیرسرکاری نتائج موصول ہوگئے ہیں، جن کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے امیدوار داد شاہ 7073 ووٹ لے کر آگے جبکہ آزاد امیدوار عبدالصمود 2048 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

خضدار کے حلقہ پی بی 20 کے 4 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق بی این پی کے جہانزیب مینگل 935 ووٹ لے کر آگے جبکہ آزاد امیدوار شفیق الرحمان مینگل 666 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔حلقہ پی بی 22 کے 9 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے امیدوار زرین مگسی 3 ہزار 943 ووٹ لے کر آگے جبکہ آزاد امیدوار شاہنواز جاموٹ 116 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیںاین اے 196 قمبر شہداد کوٹ ون کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی وغیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار خورشید جونیجو 88850 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ ٹی ایل پی کے امیدوار محمد علی 2696 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔