Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانسی ڈی اے کا موسم بہار کی آمد سے قبل بڑے پیمانے پرگلاب اور موسمی پھولوں کی شجرکاری کا آغاز

سی ڈی اے کا موسم بہار کی آمد سے قبل بڑے پیمانے پرگلاب اور موسمی پھولوں کی شجرکاری کا آغاز

اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)انتظامیہ نے دارالخلافے کے حسن کو چار چاند لگانے کیلئے موسم بہار کی آمد سے قبل بڑے پیمانے پرگلاب اور موسمی پھولوں کی شجرکاری کا آغاز کردیا ہے۔روز اینڈ یاسمین گارڈن میں گلاب کی 50اقسام کے 10ہزارپودے لگائے جارہے ہیں۔شاہراہ دستور،سیونتھ ایونیو، چڑیاگھر چوک،مارگلہ روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر مختلف ڈیزائن کی نئی کیاریاں تیار کی جارہی ہیں۔جبکہ شہر کی مزید تزئین آرائش کیلئے مصنوعی پھولوں کے اسٹینڈ بھی بنائے جارہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارہ کی موجودہ انتظامیہ نے شہر اقتدار کو گل و گلزار بنانے کیلئے وسیع پیمانے اقدامات شروع کررکھے ہیں۔اسی ضمن میں موسم بہار کی آمد سے قبل ہی ادارہ ہذا کے شعبہ انوائرمنٹ نے شہر کی اہم اور مرکزی شاہراہوں سمیت اہم چوک چوراہوں پر موسمی پھولوں اورگلاب کے پھول لگانے شروع کردئے ہیں۔جبکہ شاہراہ دستور، سیونتھ، ایونیو،مارگلہ چوک،زو چوک،بلیو ایریا ،نائنتھ ایونیو، آبپارہ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر مختلف ڈیزائن کی کیاریاں بھی بنائی جارہی ہیں۔تیار کیاریوں میں گلاب، بٹونیا، پینزی،پرائنم سمیت موسمی پھولوں کی پنیری لگائی جارہی ہے۔2009 کے بعد روز اینڈ یاسمین گارڈن میں پھولدارایک بھی پودا نہیں لگایا گیا۔ تاہم اب موجودہ انتظامیہ کی جانب سے گلاب کی 50 اقسام کے 10 ہزار گلاب کے پھولوں کے پودے لگائے جارہے ہیں۔ادارہ ہذا کی کوشش ہے کہ بہار کی آمد کے ساتھ ہی پورا شہر بہار کے رنگوں میں رنگ جائے۔ اس سلسلے میں چڑیا گھر چوک میں پھولوں کی کیاری کاایک جدید اوربہت ہی خوبصورت ڈیزائن تیار کیا رہا ہے۔جبکہ شہر ے قدرتی حسن میں مذید اضافے کیلئے قدرتی پھولوں کے ساتھ ساتھ مصنوعی پھولوں کے اسٹینڈز بھی تیار کئے جارہے ہیں جوموسم بہار میں اہم شاہراہوں پر نصب کئے جائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔